برما پُل پر تعمیراتی کام جاری ہے۔ اس سلسلے میں خستہ حالی کا شکار بوسیدہ پل کو منہدم کرنے کا عمل جاری ہے

 
0
357

اسلام آباد جولائی 29 (ٹی این ایس): برما پُل پر تعمیراتی کام جاری ہے۔ اس سلسلے میں خستہ حالی کا شکار بوسیدہ پل کو منہدم کرنے کا عمل جاری ہے جسے آئندہ چند روز میں مکمل کر لیا جائے گا۔ سی ڈی اے انتظامیہ کی ہدایت کی روشنی میں کنڑیکٹر نے کیمپ آفس بنانے کے بعد سائٹ پر مطلوبہ مشینری اور سٹاف کی تعیناتی کر دی ہے۔ ہدایات جاری کی گئیں ہیں کہ پُل کی تعمیر سے منسلک تمام کام ساتھ ساتھ کیے جائیں۔اس سلسلے میں خستہ حالی کے شکار پُل کو منہدم کرنے کے ساتھ ہی نئے پُل کی پائلنگ کا کام شروع کر دیا جائے گا۔ اس بات کی منصوبہ بندی کی گئی ہے کہ پُل کے پائلنگ کے کام کے ساتھ ساتھ گریڈر کاسٹنگ شروع کر دی جائے گی جبکہ اسی دوران نالے کی پروٹیکشن بشمول حفاظتی دیوار کی تعمیر کو مکمل کیا جائے گا۔

سی ڈی اے انتظامیہ نے پراجیکٹ ڈائریکٹر کو ہدایت کی ہے کہ وہ پُل کے منہدم شدہ حصے کے ملبے کو فوری طور پر ہٹائے تاکہ جیسے ہی منہدم کرنے کا عمل مکمل ہو سائٹ کو تعمیراتی کام کے لیے کلیئر کیا جا سکے۔ یہ بھی ہدایات جاری کی گئیں ہیں کہ کسی بھی نا خوشگوار حادثے سے بچنے کے لیے سائٹ کے اطراف سائن بورڈز اور وارننگ بورڈزکی تنصیب کی جائے۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر اس ایریاء میں ٹریفک کے بہاؤ کو برقرار رکھنے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں۔سی ڈی اے انتظامیہ نے پراجیکٹ ڈائریکٹر کو مزید ہدایت کی ہے کہ تعمیراتی کام کی موئثر نگرانی کے لیے سائٹ پر اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں اور پُل کے تعمیراتی کام کے سلسلے میں باقاعدگی کے ساتھ پراگریس رپورٹ جمع کروائیں۔

لہتراڑ روڈ پر تعمیر کیا جانے والا یہ پُل 152میٹر طویل جبکہ 11.5میٹر چوڑا ہو گا۔ اس پُل کی تعمیر کو ایک سال کے عرصہ میں مکمل کیا جائیگا۔ پُل کی تعمیر سے نہ صرف ٹریفک کے بہاؤ کے مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے گی بلکہ علاقے کے رہائشیوں کی مشکلات کا سدِ باب بھی ممکن بنایا جا سکے گا۔