اسلام آباد اگست 02 (ٹی این ایس): سی ڈی اے نے لاء ونگ کے دو ڈپٹی ڈائریکٹرزکی ناقص کارکردگی، فرائض میں غفلت اور مس کنڈکٹ پر چارچ شیٹ جاری کر دی گئی ہے۔ یہ چارج شیٹ سی ڈی اے(ایمپلائز) سروس ریگولیشن 1992 ء کے آرٹیکل 8.03 (a) (b) کے تحت ان افسران کو دی گئی ہے۔
ان افسران پر ڈیلی ویجز پر رکھے گئے ایک ملازم کی سروس ریگولرائزیشن کے کیس میں مطلوبہ پیروی نہ کرنے کا الزام ہے جس پراس الزام کی جانچ پٹرتال کے لیے فیکٹ فائنڈنگ انکوائری بنائی گئی ہے جس نے اپنی رپورٹ دے دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ہارٹیکلچر سپروائزر جو کہ ڈیلی ویجز پر تھا کی طرف سے بلا جواز ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے کے باعث سی ڈی اے کے ایچ آر ڈی ڈائریکٹوریٹ نے ہارٹیکلچر سپر وائزر کو ملازمت سے برخاست کر دیا تھا۔ بعد ازاں این آئی آر سی کے فیصلے کے مطابق ہارٹیکلچر سپروائزر کی سروس بحال کر دی گئی مگر قانون کے مطابق این آئی آر سی کے فیصلے کے خلاف مقررہ مدت میں سی ڈی اے کو اپیل کرنی چاہیے تھی جس کے لیے ڈپٹی ڈائریکٹر ز اپنے لیول پر یا مجاز اتھارٹی کی مشاورت سے اپیل کر سکتا تھا تاہم وہ یہ اپیل مقررہ مدت ہی نہیں بلکہ فیصلے کے ایک سال بعد تک بھی اپیل کرنے کی قانونی کاروائی نہ کر سکا جس کے باعث زائد المعیاد کی بنیاد پر اپیل کرنے کا موقع ضائع کر دیا گیا۔ اس طرح اس فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی جانے والی رٹ بھی موئثر پیروی نہ ہونے کے باعث خارج ہو گئی۔
سی ڈی اے انتظامیہ نے ڈائریکٹر ایچ آر ڈی II- کو معاملے کی چھان بین کے لیے انکوائری افسر مقرر کر دیا ہے اور ناقص کارکردگی اور مس کنڈکٹ کے مرتکب دونوں ڈپٹی ڈائریکٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس ضمن میں اپنا موقف تحریری طور پر سات یوم کے اندر انکوائری آفیسر کے پاس جمع کرائیں۔
واضح رہے کہ سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ لاء ونگ کی بہترین کارکردگی کے لیے موئثر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ اس ضمن میں سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ مختلف عدالتوں میں زیر سماعت کیسوں کی بھر پور پیروی کو یقینی بنائیں کیونکہ غیر موئثر پیروی اور ناقص کارکردگی کو کسی طور پر برداشت نہیں کیا جائے گا۔