رانا ثنااللہ سے اہل خانہ کی ملاقات ،خیریت دریافت کی ،کیس سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال بھی کیا

 
0
689

لاہور اگست 06 (ٹی این ایس): منشیات برآمدگی کے الزام میں گرفتار مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ سے ان کے اہل خانہ نے کیمپ جیل میں ملاقات کی ،پابندی کی وجہ سے پارٹی کا کوئی بھی رہنما رانا ثنا اللہ سے ملاقات نہ کرسکا ۔ تفصیلات کے مطابق رانا ثنا اللہ کی اہلیہ ، بیٹی ، داماد اور نواسے نے کیمپ جیل میں رانا ثنا اللہ سے ملاقات کر کے ان کی خیریت دریافت کی ۔ رانا ثنا اللہ کی فیملی دو گھنٹے سے زائد وقت تک ان کے ساتھ رہی اور اس دوران کیس سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کی اہلیہ نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کو جیسے بھی حالات میں رکھا ہوا ہے وہ اس پر مطمئن ہیں،رانا ثنا اللہ کی صحت ٹھیک ہے لیکن بہت کمزور ہو گئے ہیں۔جیل میں گرمی اور حبس بہت زیادہ ہے ، رانا ثنااللہ دن میں ایک بار کھانا کھا رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ رانا ثنا اللہ نے بھارتی اقدام کی مذمت اور کشمیر ی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے ۔
انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ عمران نیازی کی منظوری کے پروڈکشن پر لعنت بھیجتے ہیں ۔ رانا ثنا اللہ کے داماد شہریار رانا نے کہا کہ رانا ثنااللہ اسمبلی میں جانا چاہتے ہیں لیکن وہ عمران خان نیازی کی منظوری سے نہیں جائیں گے ،رانا ثنااللہ اسمبلی میں کشمیر ایشو پر بات کرنا چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جس دن مریم نواز فیصل آباد تشریف لائیں تب سے اے این ایف کے عملے کی جانب سے ہمیں اور حلقے کے لوگوں کو ہراساں کیا جارہا ہے ۔ میری ساس ماں کو نامعلوم نمبرز سے کالز آئیں او رانہیں بھی ہراساں کیا گیا ۔