وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے منیٰ میں خراب حج انتظامات کا اعتراف کر لیا

 
0
469

اسلام آباد اگست 16 (ٹی این ایس): وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے منیٰ میں حاجیوں کے لیے انتظامات مکمل نہ ہونے کا اعتراف کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق پیر نور الحق قادری نے کہا صرف چند مکاتب سے جائز شکایات سامنے آئیں جن کا فوری ازالہ کر دیا۔ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا کہ صرف منیٰ میں بعض مقامات پر انتظامات مکمل نہ ہونے کا اعتراف کیا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جائز شکایات کا فوری ازالہ کیا گیا۔ پیر نورالحق قادری نے بتایا کہ حاجیوں کے لیے انتظامات مجموعی طور پر تسلی بخش رہے، مکہ اور مدینہ میں رہائش یا کھانے کی شکایات موصول نہیں ہوئیں۔ منٰی میں رہائش اور انتظامات سعودی موسسہ اور معلم کی ذمہ داری ہوتی ہے، منٰی کے انتطامات سے حکومت پاکستان کا کوئی تعلق نہیں، سعودی حکومت کو شکایت کر دی ہے۔
یاد رہے کہ رواں برس بھی فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے جانے والے حاجی حکومتی انتظامات کے خلاف شکایات کرتے نظر آئے۔ سوشل میڈیا پر کئی حاجیوں نے ویڈیوز بھی اپ لوڈ کیں جن میں شکایت کی گئی کہ وفاقی حکومت کی ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے پاکستانی عازمین حج رُل گئے۔ حاجیوں کا کہنا تھا کہ پاکستانی حاجیوں کو ٹرانسپورٹ اور کھانے کے مناسب انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے ہمیں شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑا۔
مکتب 108 میں ہزاروں حاجیوں کو خراب کھانا فراہم کیا گیا جو احتجاجاً کچرے میں ڈال دیا گیا۔ حاجیوں نے سوشل میڈیا پر کئی ویڈیوز اپ لوڈ کیں جس میں انہوں نے سرکاری انتظامات کے ناقص ہونے کی شکایت کی اور موجودہ حکومت کو بُرا بھلا کہا اور تنقید کا نشانہ بنایا تاہم اب وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے بھی ناقص انتظامات کا اعتراف کر لیا ہے۔