سی ڈی اے کے بلڈنگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹ نے اسلام آباد کی تمام تجارتی عمارات کا مکمل ڈیٹا تیار کر لیا

 
0
261

اسلام آباد اگست 30 (ٹی این ایس): سی ڈی اے کے بلڈنگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹI- نے اسلام آباد کی تمام تجارتی عمارات کا مکمل ڈیٹا تیار کر لیا ہے۔سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ کی ہدایت پر اس ڈیٹا کو اکٹھا کرنے کے لیے بلڈنگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹ I- کے عملے اور متعلقہ انسپکٹرز نے اسلام آباد کے تمام علاقوں کا سروے کر کے یہ ڈیٹا اکٹھا کیا ہے۔ سروے کے دوران اسلام آباد کے کاروباری مرکز بلیو ایریاء کی تمام کمرشل بلڈنگز کے علاوہ مختلف سیکٹروں کے مراکز اور کلاس تھری شاپنگ سینٹرز کا مکمل ڈیٹا حاصل کیا گیا ہے۔ اس ڈیٹا کی روشنی میں بلڈنگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹI- مختلف کمرشل بلڈنگز میں بلڈنگ بائی لاز کی ہونے والی خلاف ورزیوں پر مالکان کو نوٹس جاری کرے گی جبکہ جن کمرشل عمارات کے مالکان نے ابھی تک تکیملی سرٹیفکیٹ (Completion Certificate) حاصل نہیں کئے انہیں بھی نوٹس جاری کئے جائیں گے۔ سروے کے دوران اس بات کی بھی نشاندہی ہوئی ہے کہ کچھ کمرشل عمارات کے بلڈنگ پلان ابھی تک سی ڈی اے سے منظور نہیں کرائے گئے لہذا بلڈنگ پلان جمع نہ کرانے والوں کو بھی نوٹس دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسی طرح جن کمرشل بلڈنگز کے تکمیلی سرٹیفکیٹ منظور ہونے کے بعد بلڈنگز میں بائی لاز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی تعمیرات کی گئی ہیں انہیں بھی نوٹس دیئے جائیں گے۔
واضح رہے کہ قبل ازیں سی ڈی اے کے بلڈنگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹI- کے پاس اسلام آباد کی تمام کمرشل بلڈنگز کا مکمل ڈیٹا موجود نہ تھا جس کے باعث نہ صرف ان عمارات میں بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی کی جا رہی تھی بلکہ تکمیلی سرٹیفکیٹ نہ لینے اور بلڈنگ پلان منظوری کے لیے سی ڈی اے کے پاس جمع نہ کرانے سے ادارے کو ریونیو حاصل نہیں ہو رہا تھا۔ اب تمام بلڈنگز کا ڈیٹا اکٹھا کر لینے سے بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی کے مرتکب مالکان کے علاوہ بلڈنگ پلان کی منظوری کے بغیر کمرشل عمارات کی تعمیراورتکمیلی سرٹیکفیٹ اور اسلام آباد کی تمام کمرشل بلڈنگز میں بلڈنگ بائی لاز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔