چیف کمشنر و چیئرمین سی ڈی اے نے اسلام آباد کے تمام پارکوں، گراؤنڈز، گرین بیلٹس، میجر ایونیوز اور اسلام آباد کے تمام سیکٹورل ایریاء بشمول تجارتی مراکز میں موسم برسات کے باعث بڑھنے والی گھاس، خود رو پودوں اور جھاڑیوں کو پانچ دن کے اندر تلف کرنے کی ہدایت جاری کر دیں

 
0
836

اسلام آباد ستمبر 02 (ٹی این ایس): چیف کمشنر و چیئرمین سی ڈی اے نے اسلام آباد کے تمام پارکوں، گراؤنڈز، گرین بیلٹس، میجر ایونیوز اور اسلام آباد کے تمام سیکٹورل ایریاء بشمول تجارتی مراکز میں موسم برسات کے باعث بڑھنے والی گھاس، خود رو پودوں اور جھاڑیوں کو پانچ دن کے اندر تلف کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ میٹروپولیٹین کارپوریشن کی انوائرنمنٹ ونگ اور سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ کے علاوہ سی ڈی اے کے متعلقہ شعبوں کے ساتھ باہم مل کر کلین اینڈ گرین مہم کے تحت شہر بھر کی صفائی اور خود رو جھاڑیوں اور بڑھی ہوئی گھاس کو ختم کریں۔

اس ضمن میں سی ڈی اے نے انوائرنمنٹ ونگ کی مشینری کی مرمت کے لیے ابتدائی طور پرفنڈز جاری کر دیئے ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ کے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں صفائی، پارکوں میں بڑھی ہوئی گھاس کو تلف کرنے کے علاوہ گندگی پھیلانے والوں کو نہ صرف نوٹس جاری کرنے اور جرمانہ عائد کرنے کے علاوہ شہر بھر میں صفائی کی بہتری کے لیے کام کریں جس کے لیے ایم سی آئی کا سینی ٹیشن سٹاف اور انوائرنمنٹ ونگ کا عملہ باہمی تعاون کرے گا۔مزید برآں یہ بھی ہدایت کی کہ پانچ دنوں کے اندر بھر پور مہم کے ذریعے شہر بھر کے پارکوں اور سیکٹورل ایریاء میں بڑھی ہوئی گھاس اور خود رو پودوں اور جھاڑیوں کو تلف کرنے کو یقینی بنایا جائے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد میں صفائی کی مجموعی صورتحال کو مزید بہتر بنانے اور شہر میں گھاس کے خاتمے کے علاوہ گندگی پھیلانے والوں کے خلاف جرمانے کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ،ایم سی آئی اور سی ڈی اے کے متعلقہ شعبے باہم مل کر کام کر رہے ہیں۔ اس ضمن میں کشمیر ہائی وے، مری روڈ، کشمیر چوک، پاکستان مانومنٹ، زیرو پوائنٹ، فیصل ایونیو، مارگلہ روڈ، شاہراہ دستور اور سپریم کورٹ بلڈنگ کے اطراف خود رو جھاڑیوں اور بڑھی ہوئی گھاس کو تلف کرنے کے ساتھ ساتھ پودے اور موسمی پھول لگانے کا عمل جاری ہے۔ شہر کو صاف ستھرا اور سر سبز و شاداب رکھنے کے لیے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے اور توقع ہے کہ سب ادارے باہم مل کر اسلام آباد کو حقیقی معنوں میں صاف اور سر سبز و شاداب بنائیں گے۔