اسلام آباد میں موسم برسات کے باعث بڑھی ہوئی گھاس، خود رو پودوں اور جھاڑیوں کو تلف کرنے کا کام بھر پور طریقے سے جاری ہے

 
0
1672

اسلام آباد 04 ستمبر (ٹی این ایس): اسلام آباد میں موسم برسات کے باعث بڑھی ہوئی گھاس، خود رو پودوں اور جھاڑیوں کو تلف کرنے کا کام بھر پور طریقے سے جاری ہے اور بدھ کے روز بھی اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں خود رو پودوں اور جھاڑیوں کو تلف کیا گیا۔اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ میٹروپولیٹین کارپوریشن اور سی ڈی اے باہم مل کر کلین اینڈ گرین مہم میں حصہ لے رہے ہیں اور شہر بھر سے بڑھی ہوئی گھاس، خود رو پودوں اور جھاڑیوں کو تلف کرنے کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری ہیں۔

اس ضمن میں پارکس ڈائریکٹوریٹ کا عملہ اسلام آباد کے تمام پارکوں بشمول ایف 9- پارک، چلڈرن پلے لینڈ پارک، لیک ویو پارک اور دیگر پارکوں کی صفائی کر رہا ہے۔ ایف 9- پارک میں صفائی کا زیادہ تر کام مکمل ہو چکا ہے تاہم پورے پارک کی صفائی تک کام جاری رہے گا۔ اسی طرح مرکز F-8 مارگلہ روڈ کی گرین بیلٹس، پی آر سی چوک، کشمیر ہائی وے، پاکستان مانومنٹ، 10th ایونیو اور دیگر علاقوں میں کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ مزید برآں سیکٹر G-9/2اور G-9/4کے علاوہ اور بری امام میں درختوں کی کانٹ چھانٹ کی گئی ہے جبکہ اسلام آباد کے دیگر علاقوں میں کام جاری ہے۔
کلین اینڈ گرین مہم کے تحت اسلام آباد کی گرین بیلٹس اور جنگل میں کوڑا کرکٹ پھینکنے والوں پر جرمانے بھی کئے جا رہے ہیں اور ان جگہوں کی صفائی بھی کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ چیف کمشنر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈ ی اے نے اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ، میٹرو پولیٹین کارپوریشن اور سی ڈی اے کی مشترکہ کاوشوں سے شہر بھر میں صفائی اور جنگلی گھاس، خود رو پودوں اور جھاڑیوں کو تلف کرنے کی ہدایات دی تھیں تاکہ اسلام آباد کو سر سبز و شاداب اور صاف ستھرا شہر بنانے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جا سکیں۔