اسلام آباد کے ہر ترقیاتی منصوبے میں زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کو ترقیاتی منصوبے کا لازمی جزو بنایا جا رہا ہے

 
0
817

اسلام آباد 05 ستمبر (ٹی این ایس): اسلام آباد کے ہر ترقیاتی منصوبے میں زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کو ترقیاتی منصوبے کا لازمی جزو بنایا جا رہا ہے۔
سیکٹر G-7/G-8 پر بنائے جانے والے انڈر پاس کے اردگرد خالی جگہوں پرایک پودے کے متبادل 30پودے لگائے جا رہے ہیں تاکہ نہ صرف ان فلاحی ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے عوام الناس مستفید ہو سکیں بلکہ اسلام آباد کے ماحول کو بھی مزید بہتر بنایا جا سکے۔ متبادل پودے لگانے کی مہم میں چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈائریکٹر جنرل انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (EPA)نے باہمی مل کر حصہ لیا۔
پودے لگانے کی یہ مہم فیصل ایونیو کے گرد ونواح جہاں G-7/G-8 کا انڈر پاس تعمیر کیا جا رہا ہے،کی خالی جگہوں پر شروع کی گئی ہے۔ اس موقع پر سی ڈی اے اور ایم سی آئی کے افسران بھی موجود تھے۔
پودا لگانے کے بعد چیف کمشنر اسلام آباد نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مستقبل میں اس بات کا خصوصی خیال رکھا جائے کہ تعمیراتی منصوبوں کے باعث کم سے کم درخت متاثر ہوں۔ انہوں نے متعلقہ شعبوں کو ہدایت کی کہ F-9 پارک میں بھی پودے لگائے جائیں۔
5 سے8 فٹلمبے 990 نئے پودے لگائے جا رہے ہیں۔ جس میں السٹونیا کے 250 پودے، چیڑ پائن کے 300 پودے،پلکھان کے 200 پودے،40 پھولدار پودے اور سکھ چین کے 200 پودے لگائے جا رہے ہیں۔ مقامی پودے لگانے کو ترجیح دی جا رہی ہے کیونکہ مقامی پودے جہاں موسم سے مطابقت رکھتے ہیں وہاں ان کی افزائش بھی تیزی سے ہوتی ہے۔