پاک چین برادرانہ تعلقات مستحکم بنیادوں پر استوار، یہاں خود کو پاکستانی محسوس کرتا ہوں

 
0
270

اسلام آباد ستمبر 17 (ٹی این ایس): پاکستان میں چین کے سفیر یائو جنگ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان برادرانہ تعلقات مستحکم بنیادوں پر استوار ہیں، یہاں خود کو غیر ملکی نہیں بلکہ پاکستانی محسوس کرتا ہوں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے منگل کو چائنہ کلچرل سنٹر کے زیر اہتمام ’’دوستی کا سفر‘‘ کے عنوان سے طلبہ کے درمیان شاعری، مضمون نویسی اور تقریری مقابلوں میں کامیاب طلبہ میں تقسیم اسناد و ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب کا اہتمام عوامی جمہوریہ چین کی 70ویں سالگرہ کے موقع پر آل پاکستان چائنہ فرینڈ شپ ایسوسی ایشن کے اشتراک سے کیا گیا تھا۔چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مثالی اور مستحکم دو طرفہ تعلقات دونوں ملکوں کیلئے باعث فخر ہیں،یہاں میں ایسا محسوس کر رہا ہوں جیسے اپنے گھر میں ہوں۔ یائو جنگ نے کہا کہ مجھے پختہ یقین ہے کہ پاکستان درست سمت میں گامزن ہے اور اس کا مستقبل روشن ہے، اس طرح پاک چین دوستی وقت گزرنے کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہوتی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاک چین دوستی کی 70ویں سالگرہ منا رہے ہیں اور توقع رکھتے ہیں کہ ہماری نوجوان نسلیں ان تعلقات کو آنے والی دہائیوں میں اسی طرح مستحکم رکھیں گی۔