پاکستان پوسٹ 4 نومبر سے وزیراعظم انٹرن شپ پروگرام کے تحت 35 ہزار نوجوانوں کے لئے انٹرن شپ پروگرام شروع کرے گا

 
0
362

اسلام آباد اکتوبر 11 (ٹی این ایس): پاکستان پوسٹ 4 نومبر سے وزیراعظم انٹرن شپ پروگرام کے تحت 35 ہزار نوجوانوں کے لئے انٹرن شپ پروگرام شروع کرے گا جس کے تحت یہ نوجوان ہنر حاصل کرنے کے بعد اپنے آپ کو مختلف شعبوں میں رجسٹر کرا سکیں گے۔ اس حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستان پوسٹ کے حکام نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ انٹرن شپ پروگرام ابتدائی طور پر بلا معاوضہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ تربیت حاصل کرنے کے بعد نوجوان کہیں بھی جا کر اپنا روزگار حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی نوجوان اس پروگرام کے تحت تربیت حاصل کرنے کے لئے موبائل ایپ کے ذریعے رجسٹریشن کرا سکتا ہے۔ انٹرن شپ پروگرام کے تحت انشورنس ایجنٹ، انشورنس پالیسیوں کی اقسام، انشورنس پریمیم سے متعلق حساب کتاب، انشورنس کی مارکیٹنگ، قانونی تربیت، ای کامرس کی بنیادی چیزیں، ای کامرس کی ترسیل، پوسٹل مصنوعات کے بارے میں تربیت، اکائونٹنگ کے طریقہ کار، پوسٹل مصنوعات کی بکنگ کے لئے تربیت دینے اور فرنچائز کے طور پر مختلف بل کی تیاری کے بارے میں تعلیم دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس انٹرن شپ پروگرام میں میٹرک سے گریجویشن تک کے نوجوان جن کی عمر کی حد 20 سے 30 سال ہے، حصہ لے سکتے ہیں۔