حکومت نوازشریف کے حوالہ سے عدالت کے فیصلے پر من و عن عملدرآمد کرے گی،

 
0
437

لاہور اکتوبر 25 (ٹی این ایس): صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہاہے کہ حکومت نوازشریف کے حوالہ سے عدالت کے فیصلے پر من و عن عملدرآمد کرے گی، تحریک انصاف عدالتوں کا احترام کرنا جانتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی جی پی آر ہیڈ آفس میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر الیکٹرانک میڈیا روبینہ زاہد اور ڈائریکٹر نیوز جاوید یونس بھی موجود تھے۔
صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ ڈاکٹر طاہر شمسی کے مطابق نوازشریف کی تازہ میڈیکل رپورٹ میں 22ہزار پلیٹ لیٹس آئے ہیں جن میں سے 33فیصد پلیٹ لیٹس قدرتی طورپر بن رہے ہیں۔ نوازشریف کی اینٹی باڈیز پلیٹ لیٹس کو ضائع بھی کر رہی ہیں۔ نوازشریف کا علاج بروقت شروع کر دیاگیا تھا۔ نوازشریف کی طبیعت اگلے دو سے تین دن میں مزید بہترہوجائے گی۔رات کو نوازشریف کی طبیعت تھوڑی علیل ہوئی تھی۔
سٹیرائیڈز شروع کرنے کی وجہ سے نوازشریف کا شوگرلیول بڑھ گیا تھا۔ نوازشریف صبح 9بجے اٹھنے کے بعد کافی بہتر محسوس کر رہے تھے۔ ڈاکٹر طاہرشمسی نے نوازشریف کا باقاعدہ علاج معالجہ شروع کردیاہے، کوشش کر رہے ہیں کہ نوازشریف کو صحت کی بہتر سے بہتر سہولیات مہیاکی جائیِں۔ حکومت نے نوازشریف کو باہر سے ڈاکٹر یا ادویات منگوانے کی پہلے ہی پیش کش کر دی ہے۔
نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کو روزانہ کی بنیاد پر میڈیکل رپورٹس شیئر کی جاتی ہیں۔ ڈاکٹرز نوازشریف اور ڈاکٹر عدنان کو اعتماد میں لے کر علاج معالجہ کر رہے ہیں۔ نوازشریف نے ملاقات کے دوران علاج معالجہ بارے مکمل اطمینان کا اظہار کیا تھا۔ ہماری دعا ہے کہ اللہ پاک نوازشریف کو صحت اور زندگی عطاء فرمائے۔ مختلف بیماریاں ہونے کے باعث ایسے مریضوں میں پیچیدگیاں ہوجاتی ہیں۔
نوازشریف کی صحت بہتری کی جانب جا رہی ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ اور لاہور ہائی کورٹ نے نوازشریف کے میڈیکل بورڈ ممبران کو میڈیکل ریکارڈ سمیت طلب کیا تھا۔ لاہور ہائی کورٹ میں پرنسپل سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمودایاز اور ڈاکٹر کامران چیمہ گئے تھے اور ایم ایس سروسز ہسپتال سلیم چیمہ اور ڈاکٹر عارف اسلام آباد ہائی کورٹ پیش ہوئے ہیں جہاں انہوں نے نوازشریف کی تمام تازہ میڈیکل رپورٹس اور ہسٹری پیش کی ہے۔
ہمارے اوپر کسی قسم کا دبائو نہیں ہے۔دوبارہ رپورٹس بناکر عدالت میں پیش کی جائیں گی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے اگلے پانچ دن میں نوازشریف کی تمام میڈیکل رپورٹس دوبارہ طلب کی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ سارے میڈیا کو بتادیں کہ ہم عدالت کے فیصلے کو من و عن قبول کریں گے اور ہر طریقے سے مدد کریں گے۔ وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ نوازشریف کی صحت بارے میڈیا سے کوئی بھی چیز چھپائی نہیں جا رہی۔
عمران خان کی اخلاقی بنیاد پر بطور مریض نوازشریف کے ساتھ بہت ہمدردی ہے۔ پروفیسر فیصل سلطان نے بھی نوازشریف سے ملاقات میں بتایاکہ ہم علاج معالجہ میں کسی قسم کی کمی نہیں چھوڑیں گے۔ انسانی زندگی اللہ پاک کی امانت ہوتی ہے ہمارا بطور معالج فرض ہے کہ ہم انسانی زندگی کا خیال رکھیں۔ پرسوں مریم نواز کی طبیعت خراب ہونے پر سارے ٹیسٹ کروائے گئے ہیں،سارے ٹیسٹ ٹھیک آئے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان چاہتے ہیں کہ نوازشریف کی بیٹی ان کی تیمارداری کریں۔عدالتیں آزاد ہیں ، ہوم ڈیپارٹمنٹ قوانین کے مطابق کام کر رہا ہے۔ کل نعیم الحق نے بھی بیان جاری کیا کہ مریم نواز اپنے والد کا ضرور خیال رکھیں۔ انسانی جسم کے اندر تلی ہی اینٹی باڈیز بناتی ہے وہی تلی آپ کو جراثیم سے پاک رکھتی ہے۔ مجھے امید ہے کہ نوازشریف ری کور کرجائیں گے۔
وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدار نے ہر قسم کے تعاون کیلئے اپناطیارہ تیارکیا ہواہے۔ حکومتی وزراء نے کبھی بھی نوازشریف کی صحت بارے غیرذمہ دارانہ بیان جاری نہیںکیا۔ جب بھی نوازشریف کی طبیعت خراب ہوتی ہے ہم نے بہترین علاج معالجہ کو یقینی بنایاہے۔ سیاسی حریف ہونا الگ بات ہے لیکن بطور مریض ہماری بنیادی ذمہ داری ہے کہ ہر مریض کی جان بچائیں۔ نوازشریف کی کسی قسم کی اندرونی بلیڈنگ نہیں ہوئی ہے۔