اسلام آباد اکتوبر 29 (ٹی این ایس): پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) کی چھاتی کے سرطان کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کے لئے ایک ماہ پر مشتمل مہم اکتوبر کے مہینے میں اختتام پذیر ہو گئی۔ ایک ماہ پر مشتمل ڈیجیٹل مہم نہ صرف خواتین ملازمین بلکہ کمپنی کے تمام ملازمین میں چھاتی کے سرطان کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کے لئے شروع کی گئی۔
پی ٹی سی ایل کی خواتین ملازمین کے ورچوئل کلب ”دی پنک کلب“ نے پی ٹی سی ایل ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں ”پنکتوبر“ منانے کے لئے ایک تقریب کا اہتمام کیا جس میں متعدد گیمز اور تعلیم پر مبنی سرگرمیاں پیش کی گئیں۔
ملازمین کو قابل قدر اور قیمتی معلومات سے آگاہی دی گئی ۔ تقریب میں شریک افراد نے چھاتی کے سرطان سے متعلق اپنے اپنے ذاتی تجربات کا تبادلہ کیا جس کا مقصد دوسروں کو چھاتی کے سرطان کے حوالے سے تعلیم دینا اور حوصلہ دینا تھا۔ تقریب میں چھاتی کے سرطان کے خطرات شیئر کرنے پر توجہ مرکوز کرنے کے ساتھ ساتھ اس بات پر بھی خصوصی توجہ دی گئی کہ چھاتی کے سرطان کی ابتداء میں تشخیص لوگوں کو بہتر زندگی گزارنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پی ٹی سی ایل کے چیف ہیومن ریسورس آفیسر سید مظہر حسین نے کہا کہ ”ہمارا ادارہ چھاتی کے سرطان جیسے ایشوز پر آگاہی پیدا کرنے کے لئے اہم اقدامات اٹھانے پر یقین رکھتا ہے اور اس حوالے سے اجتماعی کوششیں کی جاتی ہیں۔ گزشتہ عشروں میں چھاتی کے سرطان کے بارے میں تشویش میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے، اس لئے ہم اپنے خواتین اور مرد دونوں سٹاف اراکین کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ وہ اس حوالے سے خاموشی کو توڑیں اور اس کے بارے میں بات کریں۔
مجھے یقین ہے کہ اس طرح کے پروگراموں سے لوگوں میں موذی بیماری سے لڑ کر صحت مند زندگی گزارنے کے لئے حوصلہ اور ہمت پیدا ہوگی“۔
چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے کاز سے اظہار یکجہتی کے لئے سوشل میڈیا کے تمام فورمز پر پی ٹی سی ایل کے لوگو کا رنگ ایک ماہ کی مہم کے دوران تبدیل کرکے ’ پنک ‘ کردیا گیا۔
پی ٹی سی ایل سماجی طور پر ذمہ دار ادارہ ہونے کی حیثیت سے کام کرنے والے مرد و خواتین سے متعلقہ تمام ایشوز بشمول صحت، فلاح و بہبود اور تحفظ کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لئے اس طرح کے اقدامات اٹھاتا ہے۔