وزیر داخلہ نے نوازشریف کا نام ای سی ایل میں شامل نہ ہونے کی تصدیق کردی

 
0
324

اسلام آباد اکتوبر 31 (ٹی این ایس): نوازشریف کا نام پہلے بھی ای سی ایل میں شامل نہیں تھا اور اب بھی نہیں ہے: وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر(ر) اعجاز شاہ نے نوازشریف کا نام ای سی ایل میں شامل نہ ہونے کی تصدیق کردی ہے۔ بریگیڈیئر(ر) اعجاز شاہ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے جب ایک صحافی نے جب پوچھا کہ حکومت نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکال رہی ہے؟ تو وزیر داخلہ نے بتایا کہ جب نوازشریف کا نام ای سی ایل میں شامل ہی نہیں تھا تو نکالنے کا سوال ہی بے معنی ہے۔
وزیر داخلہ اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ نہ پچھلے دور میں نواز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالا گیا اور نہ موجودہ دور میں ان کانام لسٹ میں شامل کیا گیا۔انہوں نے بات کرتے ہوئے مزید بتایا کہ حکومت نے فیصلہ کیا تھا کہ مولانا کے آزادی مارچ کو نہیں روکیں گے۔ مولانا کا پہلے ایک مطالبہ تھا اب چھ ہو گئے ہیں۔ انہوں نے آزادی مارچ کی سکیورٹی اور دیگر انتظامات کے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی اور اپوزیشن میں 5 نکات پر اتفاق رائے ہوا اور مذاکرات میں صرف دھرنے کی جگہ پر بات کی گئی۔
انہوں نے بتایا حکومت نے فیصلہ کیا تھا کہ فضل الرحمان کے آزادی مارچ کو نہیں روکیں گے۔ اعجازشاہ کے مطابق 27 اکتوبر کو شروع ہونے والے آزادی مارچ کے شرکا گوجرخان پہنچ چکے ہیں جن کی تعداد 20 سے 25 ہزار ہے۔ اعجاز شاہ نے بتایا کہ فضل الرحمان مارچ کریں لیکن عدالتوں کے فیصلے کا احترام کریں، جے یو آئی کا مارچ اپوزیشن کے مارچ میں تبدیل ہوگیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا کہ اسلام آباد میں داخلے سے پنڈال تک مولانا فضل الرحمان کے کنٹینر کے لیے الگ روٹ بنایا گیا ہے تاکہ وہ با آسانی اسٹیج تک پہنچ سکیں۔پنڈال میں پہنچنے کے بعد حکومت جو کچھ کرے گی اس کا مقصد سیکیورٹی فراہم کرنا ہوگا، ماضی میں اسلام آباد پر کئی باریلغار ہوئی تھی اور قاضی حسین احمد کے احتجاج میں جانی نقصان ہوا تھا۔