سی ڈی اے نے مس کنڈکٹ اور فرائض میں غفلت برتنے پر دو اہل کاروں کو سروس سے معطل کر دیا

 
0
399

اسلام آباد یکم نومبر2019 (ٹی این ایس): سی ڈی اے نے مس کنڈکٹ اور فرائض میں غفلت برتنے پر دو اہل کاروں کو سروس سے معطل کر دیا ہے۔ معطل کئے جانے والے اہلکاروں میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے سپروائزر شاہد اقبال اور ایکٹنگ سپروائزر گل تاج شامل ہیں۔ ان اہل کاروں کو سی ڈی اے ایمپلائز سروس ریگولیشنز1992؁ء کی شق نمبر8.05 کے تحت معطل کیا گیا ہے۔
معطل کیے جانے والے اہلکار سیکٹرE-11 کی ناردرن سٹرپ پر ہوٹل کی غیر قانونی تعمیر میں ملوث تھے۔ ان اہلکاروں نے غیر قانونی طور پر تعمیر کیے جانے والے ہوٹل کے خلاف نہ صرف کوئی کاروائی کی بلکہ انہوں نے اس کی غیر قانونی تعمیر میں معاونت بھی کی۔ سی ڈی اے انتظامیہ نے پہلے مرحلے میں دونوں اہل کاروں کو سروس سے معطل کر دیا ہے اور اس تمام معاملے کی باقاعدہ انکوائری کا بھی حکم دے دیا گیا ہے۔ ان دونوں اہل کاروں کے خلاف انکوائری رپورٹ اور سفارشات کی روشنی میں مزید قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔