فیسوں، جرمانوں اور دیگر مد میں وصول ہونے والے پے آرڈرز اور ڈیمانڈ ڈرافٹس کو سی ڈی اے کے مرکزی اکاؤنٹ میں بروقت جمع کروایا جائے، سی ڈی اے کی اسٹیٹ مینجمنٹ ونگ کو ہدایت

 
0
13240

اسلام آباد 3 نومبر (ٹی این ایس): سی ڈی اے انتظامیہ نے اسٹیٹ مینجمنٹ ونگ کو ہدایت کی ہے کہ مختلف فیسوں، جرمانوں اور دیگر مد میں وصول ہونے والے پے آرڈرز اور ڈیمانڈ ڈرافٹس کو سی ڈی اے کے مرکزی اکاؤنٹ میں بروقت جمع کروانے کو یقینی بنائیں۔
یہ امر مشاہدے میں آیا تھا کہ سی ڈی اے کے مختلف شعبوں بالخصوص اسٹیٹ مینجمنٹ I- اورII،اسٹیٹ افیکٹیز، بی سی ایس،پلاننگ ونگ اور دیگر شعبوں میں عوام الناس کی طرف سے فیسوں،جرمانوں اور دیگر مد میں جمع کرائے گئے پے آرڈرز اور ڈیمانڈ ڈرافٹس سینٹرل اکاؤنٹ میں جمع کرانے کی بجائے فائلوں میں لگے رہتے ہیں جس کی وجہ سے ادارے کی ریونیو جنریشن بھی متاثر ہو رہی ہے۔ اس بات کا نوٹس لیتے ہوئے سی ڈی اے انتظامیہ نے تمام شعبوں کو ایک ٹائم فریم دیا ہے جس کے اندر وہ یہ یقینی بنائیں گے کہ تمام قسم کی فیسوں اور جرمانوں کی مد میں موصول شدہ پے آرڈرز اور بینک ڈرافٹس سی ڈی اے کے مرکزی اکاؤنٹ میں جمع کروائے جائیں۔دی گئی مہلت کے بعد ہر شعبہ کا ڈپٹی ڈائریکٹر متعلقہ سیکٹر کے اسسٹنٹ سے ایک سرٹیفکیٹ لے گا جس میں اس بات کی تصدیق کی جائے گی کہ اس سیکٹر سے متعلقہ تمام پے آرڈرز اور بینک ڈرافٹس سی ڈی اے سینٹرل اکاؤنٹ میں جمع کروائے جا چکے ہیں۔ تمام ڈیلنگ اسسٹنٹ سے سرٹیفکیٹ لینے کے بعدہر شعبے کا ڈپٹی ڈائریکٹر انتظامیہ کو ایک سرٹیفکیٹ جمع کروائے گا جس میں اس بات کی تصدیق کی جائے گی کہ تمام پے آرڈرز سی ڈی اے کے سینٹرل اکاؤنٹ میں جمع کروائے جا چکے ہیں۔