نبی آخرالزمان ﷺ سے عشق و محبت اور فرمانبرداری ہمارے ایمان کا حصہ ہے، محمد حسین محنتی

 
0
335

سجاول نومبر 07 (ٹی این ایس): جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ نبی آخرالزمان ﷺ سے عشق و محبت اور فرمانبرداری ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ حالات کی تبدیلی اور مسائل کا واحد حل قرآن و سنت کا نفاذ ہے باقی سارے دعوے کھوکھلے ہیں۔ جماعت اسلامی ایک نظریاتی و دعوتی جماعت ہے جو اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام نافذ کرنے کی جدوجہد کر رہی ہے۔ مولانا مودودیؒ نے قرآن و سنت کو بنیاد بناکر ہی جماعت اسلامی قائم کی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سجاول اور جاتی میں جماعت اسلامی کے تحت منعقدہ حیات طیبہ کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر امیر ضلع الطاف احمد ملاح ، مولانا عطاالرحمن بلوچ، ذوالفقار کھتری، و دیگر نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کشمکش کی جگہ ہے اور حکومت نیکی و برائی کی جڑ ہوتی ہے اسے ٹھیک کرنا اور اس کےلئے جدوجہد کرنا وقت کی ضرورت ہے کیونکہ یہاں مرضی کسی حکمراں یا وڈیرے کی نہیں صرف اللہ کی مرضی و حکم چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ دین اسلام اخلاق و کردار کا دین ہے۔اخلاق و کردار بڑی چیز ہے یوم محشر جس چیز کا وزن کیا جائے گا وہ سب سے پہلے اخلاق و کردار ہوں گے۔ آپ کی سیرت طیبہ پوری انسانیت کےلئے مشعل راہ ہے جس پر عمل کر کے ہم دنیا و آخرت کی کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ آج امت جن بے شمار مسائل کا شکار ہے اس کا واحد حل اتحاد و یکجہتی اور قرآن و سنت کا نفاذ ہے۔ دریں اثناءصوبائی امیر محمد حسین محنتی نے جاتی میں شہری ایکشن کمیٹی کے صدر غلام حسین شاہ کے عصرانے میں بھی شرکت کی۔ ایکشن کمیٹی کے وفدنے جماعت اسلامی کے رہنما کو بتایا کہ دنیا ترقی کر رہی ہے مگر جاتی شہر کو دیوار سے لگایا جارہا ہے۔ جاتی کے پہلے 5 رارڈ تھے جو کم کر کے 4 کر دیئے گئے ہیں۔ بلدیہ میں 400 سے زیادہ ملازمین ہیں مگر شہر میں صفائی کی انتہائی ابتر صورتحال ہے 2007 سے فلٹر پلانٹ لگایا گیا مگر تاحال شہری میٹھے پانی سے محروم ہیں،اسپتال میں ڈاکٹرز وادویات کا فقدان ہے۔ 2 کروڑ کا ماہانہ بجٹ ہونے کے باوجود یہاں کے عوام بنیادی سہولیات و ضروریات سے محروم ہیں۔ صوبائی امیر نے شہری ایکشن کمیٹی کے کئی عہدیداران کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔#