لاہور نومبر 28 (ٹی این ایس): لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ داتا دربار کیس میں ملوث ملزم سہولت کار محسن خان کو مجموعی طور پر 11 بار سزائے موت ،1 بار عمر قید اور 4 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنا دی،عدالتی فیصلہ کے مطابق مجرم داتا دربار دھماکے میں ملوث پایا گیا، مجرم چالیس چالیس ہزار روپے دیت 24 زخمیوں کو بھی ادا کرے گا‘ پراسکیوٹر عبد الرؤف وٹو نے عدالت میں ٹرائل کے دوران دلائل پیش کئے کہ محسن خان کا تعلق چارسدہ کے علاقے شبقدر سے ہے جبکہ خود کش حملہ آور کی شناخت صدیق اللہ مہمند کے نام سے ہوئی تھی ،خودکش حملہ آور صدیق اللہ اور محسن خان 8مئی کو لاہور آئے تھے، دونوں ملزمان نے داتا دربار کے قریب ایک مکان میں رہائش اختیار کی، مجرم محسن خان کیخلاف سی ٹی ڈی کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا ،حملہ آور کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے،خود کش حملہ آور کے سہولت کار سے بارودی مواد بھی برآمد ہوا تھا، داتا دربار سانحہ 8 مئی کو 8 بج کر 45 منٹ کے قریب گیٹ نمبر 2 پر ایلیٹ فورس کی گاڑی کے قریب ہوا تھا جس میں پولیس اہلکاروں سمیت 11 افراد شہید جبکہ 30 افراد زخمی ہو گئے تھے۔