سی ڈی اے کی لاء ونگ کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے اور اس کی موئثر مانیٹرنگ کو یقینی بنانے کے لیے سی ڈی اے نے ایک سافٹ ویئر ڈیویلپ کر لیا

 
0
283

اسلام آباد دسمبر 11 (ٹی این ایس): سی ڈی اے کی لاء ونگ کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے اور اس کی موئثر مانیٹرنگ کو یقینی بنانے کے لیے سی ڈی اے نے ایک سافٹ ویئر ڈیویلپ کیا ہے۔ اس سافٹ ویئر سے نہ صرف لاء ونگ کی ریکارڈ مینجمنٹ میں مدد ملے گی بلکہ اس سے لاء ونگ کے کونسلز(Counsels) کی کارکردگی کو بھی تسلسل کے ساتھ مانیٹر کیا جا سکے گا کہ ادارے کی طرف سے مختلف عدالتوں میں زیر سماعت کیسسز پر کیا پیش رفت ہو رہی ہے۔
اس سافٹ ویئر کو متعارف کرانے کا مقصد لاء ونگ کے روزمرہ امور میں باقاعدگی لانے اور لاء ونگ کی استعداد کار میں اضافہ کرنا بھی ہے۔ اس نئے سافٹ ویئر تک ڈائریکٹرز، ڈائریکٹر جرنلزاور سی ڈی اے کے ممبران کی رسائی کو بھی یقینی بنایا گیا ہے تاکہ یہ افسران اپنے اپنے شعبوں سے متعلقہ کیسسز پر لاء ونگ کی طرف سے ہونے والی پیش رفت سے آگاہ ہو سکیں جبکہ اس ضمن میں اعلیٰ افسران کی معلومات کے لیے ڈیشن بورڈ بھی بنایا گیا ہے جس سے وہ مختلف عدالتوں میں زیر سماعت سی ڈی اے کے کسسز، حکم امتناعی اور مختلف کیسسز میں دائرکی جانے والی اپیلوں سمیت لاء ونگ کی تمام کارکردگی کا مشاہدہ کر سکیں گے۔ سی ڈی اے کے مختلف کیسوں پر ہونے والی پیش رفت کے علاوہ سی ڈی اے کی طرف سے کیس کی پیروی کرنے والے وکلاء کی کارکردگی کو بھی اس سافٹ ویئر سے مانیٹر کیا جا سکے گا۔ علاوہ ازیں اس سافٹ ویئر سے بذریعہ ایس ایم ایس ہر کیس کی سماعت کی اگلی تاریخ سے بھی آگاہی ہو سکے گی۔
سی ڈی اے انتظامیہ نے اس سافٹ ویئر کو مکمل طور پر فعال بنانے کے لیے متعلقہ شعبے کو پندرہ دن کی مہلت دی ہے جبکہ اس سافٹ ویئر سے فیچرز سے آگاہی کے ساتھ وہ کیس جن میں ادارے کی طرف سے اپیل دائر کرنے کی ضرورت اور کیس کی آئندہ سماعت کی تاریخ کی بروقت اطلاع بھی اس سافٹ ویئر سے دی جا سکے گی۔
مزید برآں سی ڈی اے انتظامیہ نے لاء ونگ کو ہدایت کی ہے کہ وہ مختلف عدالتوں میں سی ڈی اے کے زیر التواء کیسوں کو نمٹانے کے لیے بھر پور طریقے سے پیروی کریں اور جن کیسسز میں اپیل کی ضرورت ہے اس میں فوری اپیل دائر کر کے کیسسز کو جلد از جلد نمٹایا جائے۔ سی ڈی اے انتظامیہ نے ادارے میں جدید ٹیکنالوجی کو استعمال میں لانے کی جو مربوط حکمت عملی بنائی ہے اس سے نہ صرف ادارے کی کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے گا بلکہ لاء ونگ کو مزید اپ گریڈ کرنے، وکلاء اور لیگل ایڈوائزر کی کیس فیسوں میں مجوزہ اضافے سمیت لاء ونگ کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے لاء ونگ سے تجاویز بھی طلب کی گئیں ہیں تاکہ ادارے کے اس اہم شعبے کو مزید فعال اور متحرک بنا کر ایک عرصہ سے زیر التواء کیسوں کو جلد از جلد نمٹایا جا سکے۔