زون تھری میں کی جانے والی تعمیرات غیر قانونی اور سپریم کورٹ کے فیصلے کی صریحاً خلاف ورزی ہیں، چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز

 
0
394

اسلام آبادجولائی21 (ٹی این ایس):میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کے میئر و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے زون تھری میں کی جانے والی تعمیرات نہ صرف غیر قانونی ہیں بلکہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی بھی صریحاً خلاف ورزی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو اسلام آباد کے علاقے شاہدرہ کے دورے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر میٹرو پولیٹین کاروپوریشن اسلام آباد( ایم سی آئی) کے ڈپٹی میئر سید ذیشان علی نقوی، اعظم خان ، چیئرمین یونین کونسل سردار مہتاب احمد خان (ایڈووکیٹ)، رانا اشفاق ، راجہ وحید اور چوہدری مشتاق کے علاوہ میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد اور سی ڈی اے کے متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

شیخ انصر عزیز نے ڈائریکٹر لینڈ کو ہدایت کی کہ وہ شاہدرہ کی باقاعدہ نشاندہی کریں تاکہ سرکاری اراضی بالخصوص خوبصورت اور گھنے جنگلات کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے انوائرنمنٹ ونگ کو ہدایت کی کہ اس علاقے میں مستقل چوکیاں قائم کی جائیں تاکہ اسلام آباد کے زون تھری میں جنگلات کی کٹائی اور غیر قانونی تعمیرات کو روکا جا سکے۔ اس موقع پر میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے نے شاہدرہ کے مقامی نمائندوں اور رہائشیوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات کے خاتمے کے لیے ایسی حکمت عملی بنائی جائے کہ قدیمی اور مقامی آبادی کے مکینوں کی حق تلفی نہ ہو تاہم انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ زون تھری میں غیر قانونی تعمیرات اور جنگلات کی کٹائی کا سدباب کیا جائے گا۔اس موقع پر میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے شاہدرہ واٹر سپلائی کا بھی دورہ کیا اور پانی میں ہونے والی آلودگی پر قابو پانے کے لیے بھی ہدایت کی۔