یونیورسٹی کے ٹانک کیمپس کے قیام میں ہونے والی پیش رفت اطمینان بخش ہے ،وائس چانسلر گومل یونیورسٹی

 
0
497

ڈیرہ اسماعیل خان جولائی21(ٹی این ایس)گومل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور نے کہا کہ یونیورسٹی کے ٹانک کیمپس کے قیام میں ہونے والی پیش رفت اطمینان بخش ہے ۔ اگلے ماہ سے مذکورہ کیمپس میں ابتدائی شعبہ جات میں داخلوں کا آغاز کردیا جائے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے اعلی سطحی اجلاس کے دوران کیا۔ ضلعی ترقیاتی مشاورتی کمیٹی ٹانک کے چیئرمین ایم پی اے محمود خان بیٹنی ۔ ٹانک کیمپس کے کوآرڈینیٹر انجینئر اقبال زیب خٹک ۔ پروٹوکول آفیسر احسان اللہ دانش بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ وائس چانسلر گومل یونیورسٹی نے کہا کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق کیمپس کے قیام سے اس خطہ میں علم کو مزید فروغ حاصل ہوگا ہماری کوشش ہے کہ اس کیمپس سے نہ صرف ٹانک اور ملحقہ علاقہ جات بلکہ وزیرستان کے طلبہ بھی مستفید ہوں اور انہیں اعلی تعلیم دہلیز پر مہیا ہو انہوں نے کہا کہ میری یہ بھی کوشش ہے کہ ٹانک کیمپس میں داخلہ لینے والے طلبہ کو فیس کی مد میں رعایت بھی دی جائے اور اس ضمن میں ہم نے ہوم ورک شروع کردیا ہے ۔ پراجیکٹ کوآرڈینیٹر انجینئر اقبال زیب خٹک کی جانب سے اس موقع پر دی گئی بریفنگ پر شرکا نے اطمینان کا اظہار کیا ایم پی اے محمود خان بیٹی نے کہا ہے ٹانک کیمپس کی منظوری پر ٹانک کے عوام وزیر اعظم میاں نواز شریف اور جے یو آئی کے قائد مولانا فضل الرحمان کے مشکور ہیں انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی خیبر پختونخواہ پرویز خٹک اور صوبائی محکمہ جات کیمپس کے قیام میں بھرپور مدد فراہم کررہے ہیں تاہم اس ضمن میں یونیورسٹی انتظامیہ کو درپیش مسائل کے حل میں میرا بھرپور تعاون یونیورسٹی انتظامیہ کو حاصل رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی خیبر پختونخواہ پرویز خٹک نے ہمیشہ ٹانک کی محرومیوں کے خاتمہ کے لیے میرے ساتھ تعاون کیا ہمیں امید ہے کہ گومل یونیورسٹی کے ٹانک کیمپس کے معاملات میں بھی وہ ہمارا بھرپور ساتھ دینگے ۔ وائس چانسلر گومل یونیورسٹی نے اس موقع پر ایم پی اے محمود خان بیٹنی کے علم دوست جذبات کو سراہا اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ اعلی تعلیم یافتہ میرٹ کے مطابق فیکلٹی کی فراہمی میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا کیونکہ میرٹ کی بالادستی سے ہی ادارے کامیاب اور قوموں کا مستقبل تابناک ہوتا ہے