آنیوالے وقتوں میں ورچوئل یونیورسٹی کا پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں بہت بڑا رول ہوگا ‘خالدمقبول صدیقی

 
0
191

مریدکے جنوری 09 (ٹی این ایس): وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے جن حالات میں حکومت سنبھالی وہ سب کے سامنے ہے برے حالات میں پاکستان کو سنبھالا دیا اور ترقی و خوشحالی کی شاہراہ پر ڈالنے میں مصروف عمل ہیں ،وزیر اعظم کی ہدایات ہیں کہ آئی ٹی کے شعبہ میں دنیا کا مقابلہ کرنے کیلئے پاکستان میں انقلابی اقدامات کئے جائیں ورچوئل یونیورسٹی کالاشاہ کاکو کیمپس کا افتتاح بھی وزیر اعظم کے ویژن کی ایک کڑی ہے ۔
ورچوئل یونیورسٹی کالاشاہ کاکو کیمپس کے افتتاح کے موقع پر خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سابق دس سال میں ایک سازش اور منصوبہ کے تحت پاکستان میں دہشتگردی کو پروان چڑھایا گیایہ دہشتگردی یہاں تک پہنچی کہ ہمارے بچے بھی محفوظ نہ رہے جس کا سانحہ اے پی ایس اور دیگر دہشتگردی کے واقعات کی صورت میں قوم کو سامنا کرنا پڑا ۔
آج پاکستان بہت تیزی سے اپنے آپ کو دہشتگردی سے دور رکھ رہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ آنیوالے وقتوں میں ورچوئل یونیورسٹی کا پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں بہت بڑا رول ہوگا دنیا کی دوڑ میں جس طرح ہم پیچھے رہ گئے ہیں حالات کا تقاضا ہے کہ ایمرجنسی لگاکر تعلیم کو پھیلانا ہوگا اور ورچوئل یونیورسٹی کے ذریعے گھر گھر ،مساجد ، مدارس تک جدید تعلیم کو لیجانا ہوگا ۔
انہو ں نے کہاکہ دنیا بڑی تیزی سے تبدیل ہورہی ہے ۔آئی ٹی سے آگے دنیا جاچکی ہے اب گوگل کا دور آرہا ہے آنیوالے دس سال میں دنیا اتنی تبدیل ہوجائیگی کہ صرف اسکا مقابلہ کرنیوالا کا ہی نام باقی رہیگا۔ انہوں نے کہاکہ یہی وجہ ہے کہ ہمارے پیارے نبی پاک ﷺ نے فرمایا کہ علم مومن کی گمشدہ معراج ہے اس لئے دنیا کا مقابلہ کرنے کیلئے مسلمان ممالک کو اپنی گمشدہ معراج تلاش کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہاکہ ہمارے ہمسائیہ ممالک گلوبل وارمنگ سے نکل چکے ہیں مگر ہم اس رفتار سے نہیں چل سکے اب پاکستان بھی کوشش کررہا ہے کہ دنیا کا مقابلہ کرنے کیلئے ایسے اقدامات کئے جائیں جس سے پاکستان ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا نظر آئیگا ۔انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان تعاون اور تعلق ہونا چاہئے لیکن شریک جرم نہیں ہونا چاہئے سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے سندھ اسمبلی میں انکی اکثریت ہے اس لئے انکو ایم کیو ایم کی ضرورت نہیں ہے ۔
جہاں تک شہری علاقوں کی ترقی کا کام ہے وہاں ہمارا تعاون جاری ہے شہری علاقے خاص طورپر جو ٹیکس دیتے ہیں حکومت کو چاہئے کہ انکی ترقی اور خوشحالی کیلئے کام کریں ہماری وزرارتوں کو چھوڑیں کیونکہ جو ٹیکس دیتے ہیں وہی ترقی کے حقدار ہیں انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کی نیت پر ہمیں کوئی شک نہیں ہے وہ بہتر کام کررہے ہیں باقی رہی بات تجربے کی تو وہ وقت کیساتھ خو د بخود آجاتا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کے 65فیصد نوجوان ٹیکنالوجی سے آشنا بھی ہیں اور اس پر مکمل عبور بھی رکھتے ہیں اور ہم نے اس سلسلہ میں نوجوانوں کو مصروف کردیا ہے ۔تقریب میں وفاقی وزیر نے سانحہ اے پی ایس کے شہدا سے یکجہتی کرتے ہوئے پودا بھی لگایا جبکہ ورچوئل یونیورسٹی کی طرف سے وفاقی وزیر کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔ تقریب سے ورچوئل یونیورسٹی کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر مسرور الہی بابر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ورچوئل یونیورسٹی 276ایکٹر پر محیط ہے جوکہ پاکستان کی پہلی جدید ترین ریسرچ یونیورسٹی ہے جس میں جینز اور ڈی این اے پر تحقیق کرکے دودھ کی پیداوار میں اضافہ ، فیصلو ں کی پیدوار میں نمایاں اضافہ اس کے علاوہ جانوروں اور انسانوں میں پیدا ہونیوالی بیماریو ں کی تشخیص اور انکا تدارک بھی ممکن ہوسکے گا ۔