اسلام آباد میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف بھر پور آپریشن جاری

 
0
292

اسلام آباد جنوری 09 (ٹی این ایس): جمعرات کے روز سی ڈی اے کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی معاونت سے اسلام آباد کے سیکٹرG-12کے موضع بادیہ رسمت اور بادیہ قادر بخش میں قلعے کی 190 کنال سرکاری اراضی پر قابضین کی نشاندہی کرائی جس کے لیے سی ڈی اے کے لینڈ ڈائریکٹوریٹ کے عملے نے بھی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی معاونت کی۔ یہ سرکاری اراضی وفاقی حکومت کی ملکیت ہے تاہم اس پر ناجائز تجاوزات کی گئی ہیں جس پر انفورسمنٹ کے عملے نے 200 افراد کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں تاکہ قابضین اور تجاوز کنندگان از خود وفاقی حکومت کی اس اراضی کو خالی کر دیں۔ انفورسمنٹ کے عملے نے سیکٹرG-11کی سڑک کے اطراف کی جانے والی تجاوزات پر بھی دکانداروں اور دیگر قابضین کو نوٹس جاری کئے ہیں۔ یہ نوٹسسز جاری کرنے کے لیے لینڈ ڈائریکٹوریٹ نے موقع پر ہی سرکاری اراضی کی درست نشاندہی کی تاکہ سرکاری اراضی کو واگذار کرایا جا سکے۔

علاوہ ازیں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے اسلام آباد کے سیکٹر G-7 میں ویل ڈوزر کی مدد سے ریت، بجری، اینٹوں اور شٹرنگ کے متعدد سٹال و ٹھیے مسمار کر دیئے اور خالی کرائی گئی اراضی ایم سی آئی کے انوائرنمنٹ ونگ کے حوالے کر دی گئی۔
دریں اثناء سی ڈی اے کے بلڈنگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹ نے انفورسمنٹ کے عملے کی مدد سے آئی سی ٹی بلڈنگ اینڈ زوننگ ریگولیشننز2005 ؁ء کی خلاف ورزی پر روات کے قریب زیر تعمیر دکانوں کو سر بمہر کر دیا ہے جبکہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے کھنہ پل کے گردونواح کی جانے والی تجاوزات کو ختم کر کے ایک ٹرک سامان سی ڈی اے سٹور میں جمع کرا دیا ہے۔