وزیراعظم کا تاجربرادری کو ٹیکس شرائط میں رعایت دینے کا فیصلہ

 
0
265

لاہور جنوری 11 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان20 جنوری کو تاجر برادری کو دی گئی رعایتوں کا باضابطہ اعلان کریں گے، وزیراعظم تاجرتنظیموں سے مکمل دستاویزات، ٹیکس ادائیگی پرتعاون مانگیں گے، وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں پورے ملک کی تاجر برادری شرکت کرے گی۔ چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وزیراعظم 20 جنوری کو تاجروں کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔
وزیراعظم کا تاجروں کے ساتھ اجلاس پی ایم ہاؤس میں ہوگا۔ اجلاس میں پورے ملک کی تاجر برادری شرکت کرے گی۔ شبر زیدی نے کہا کہ وزیراعظم تاجر برادری کو دی گئی رعایتوں کا باضابطہ اعلان کریں گے۔ وزیراعظم تاجر تنظیموں سے مکمل دستاویزات اور ٹیکس ادائیگی پرتعاون مانگیں گے۔ واضح رہے کچھ روز سے چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کا ٹویٹر اکاؤنٹ محدود تھا، جس کے باعث چہ مگوئیاں ہورہی تھیں کہ حکومتی اقتصادی ٹیم میں اختلافات پیدا ہوگئے ہیں اور چیئرمین ایف بی آر دو ہفتے کی چھٹی پر چلے گئے ہیں۔
محکمہ کے اندر ایک لابی نے دعوی کیا تھا کہ شبر زیدی متعدد وجوہات کی بناء پر دفتر واپس نہیں آئیں گا جبکہ گزشتہ کئی روز سے چیئرمین ایف بی آر کا فون بھی بند ہے۔ ایف بی آر کے عہدیداران سے محصولات میں کمی سے متعلق امور میں ان سے تعاون نہیں کررہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ شبر زیدی کو وزیر اعظم کے مشیر خزانہ کی تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
لیکن معاون خصوصی اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اقتصادی ٹیم میں اختلافات کی خبروں کو بےبنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومتی اقتصادی ٹیم مکمل ہم آہنگی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے رہی ہے۔ پوری ٹیم کو وزیراعظم عمران خان کا بھرپوراعتماد حاصل ہے۔ آپس میں اختلافات کی خبریں بےبنیاد، گمراہ کن اور مفاد پرستوں کی خواہشات پرمبنی ہیں۔ قیاس آرائیاں دم توڑ جائیں گی، ملکی معاشی استحکام کا سفررواں دواں رہے گا۔