اسلام آباد فروری 02 (ٹی این ایس): سی ڈی اے انتظامیہ کی ہدایت پر اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں پیدل چلنے والوں کی سہولت کے لیے چار مقامات پر اوور ہیڈ پُل (پیدل چلنے والوں کے لیے) بنانے کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد سی ڈی اے کے متعلقہ شعبے نے چار مقامات پر ان پُلوں کی تعمیر کے لیے ورک آرڈر جاری کر دیئے ہیں۔ پیدل چلنے والوں کی سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے یہ پُل کشمیر ہائی وے پر اتوار بازار کے قریب، فیصل ایونیوپر PIMSہسپتال کے قریب، تیسرا پُل جناح ایونیو پر ایف 9 پارک کے مہران گیٹ بالمقابل سیکٹر G-9/2 جبکہ چوتھا پُل پاک سیکرٹریٹ کے مقام پر تعمیر کئے جائیں گے۔ ان پلوں کی تنصیب کا کام سی ڈی اے نے ھیوی مکینکل کمپلیکس (HMC)ٹیکسلا کو تفویض کیا ہے جس کے لیے سی ڈی اے نے HMCکو ان پُلوں کی تعمیر و تنصیب کے لیے کام شروع کرنے کے لیے باقاعدہ لیٹر بھی جاری کر دیا ہے۔
ان چارپُلوں کی تعمیر و تنصیب پر تقریباً4 17 ملین روپے لاگت آئے گی جس میں کشمیر ہائی وے نزد اتوار بازار پر بننے والے پل پر 51.94 ملین روپے،جناح ایونیو پر ایف 9 پارک کے مہران گیٹ بالمقابل سیکٹر G-9/2پر بنائے جانے والے پُل پر 40.12 ملین روپے جبکہ فیصل ایونیو پر PIMSہسپتال کے نزدیک بنائے جانے والے پل پر42.93ملین روپے اور پاک سیکرٹریٹ کے مقام پر بنائے جانے والے پُل پر 38.99 ملین روپے لاگت آئے گی۔
واضح رہے کہ سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ نے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں سڑک کو پیدل عبور کرنے والوں کو حادثات سے محفوظ بنانے اور شہر میں بڑھتی ہوئی ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے کے لیے مختلف مقامات پر پیدل چلنے والوں کے لیے اوور ہیڈ پُل بنانے کے منصوبے کو اپنی ترجیحات میں شامل کرتے ہوئے نہ صرف اس منصوبے میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا بلکہ اس منصوبے کے تمام قواعد و ضوابط کو پورا کرکے PC-Iکی روشنی میں چار مقامات پر بنائے جانے والے پُلوں کی تنصیب کا کام ھیوی مکینکل کمپلیکس کو کام شروع کرنے کا باقاعدہ لیٹر بھی جاری کر دیا ہے۔ ھیوی مکینکل کمپلیکس کو ان پُلوں کو مکمل کرنے کے لیے 6 ماہ کا وقت دیا گیا ہے۔