پاکستان ریلویز میں ری سٹرکچرنگ کا تاریخی کام رواں برس مکمل کیاجائے‘ خواجہ سعد رفیق کی ہدایت

 
0
392

لاہور جولائی22(ٹی این ایس ):وزیر ریلویز خواجہ سعدرفیق نے ہدایت کی ہے کہ پاکستان ریلویز میں ری سٹرکچرنگ کا تاریخی کام رواں برس مکمل کیاجائے، ہم ریلوے کے محنت کشوں کو ان کا حق دینا چاہتے ہیں اور اس روایت کاخاتمہ چاہتے ہیں کہ جودھونس اوردھاندلی سے کام لے وہ انتظامیہ سے مراعات حاصل کرلے۔ ریلوے ہیڈکوارٹرزآفس لاہور میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ریلویزخواجہ سعدرفیق نے کہا کہ ریلوے ملازمین نے ان کی کال پر لبیک کہااوردم توڑتی ہوئی ریلوے کو دوبارہ زندگی دینے کے لیے ان کے ساتھ مل کرکام کیا اور آج وہی ریلوے ترقی اورجدت سے ہمکنارہورہی ہے جس کو فروخت کرنے کی باتیں کی جارہی تھیں۔ خواجہ سعد رفیق نے ایک دوسرے اجلاس میں ٹرینوں کی اپ گریڈیشن کے شیڈول کاجائزہ لیااور اب تک ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کااظہار کیا۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ تین برس بعدکوئی ٹرین پرانی اور بوسیدہ نہیں ہوگی بلکہ جدیدسہولیات سے مزین ہوگی۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹوآفیسرپاکستان ریلویز محمدجاوید انورنے ریلوے اسٹیشنوں کی اپ گریڈیشن پربھی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اوکاڑہ ریلوے اسٹیشن تعمیرکے آخری مراحل میں ہے ۔ خواجہ سعدرفیق نے کہا کہ ریلوے نے گذشتہ مالی برس میں 40ارب کمائے اور اگلے برس50سے 53ارب کمانے کاٹارگٹ ہے ۔ ہم اپنے اس قومی ادارے کی بحالی اور ترقی کے لیے ریلوے افسران اورکارکنوں کی کوششوں کوسراہتے ہیں۔اجلاس میں چیف ایگزیکٹوآفیسرریلویزمحمدجاویدانور، مشیرریلویزانجم پرویز، ممبرفنانس غلام مصطفی، ایڈیشنل جنرل منیجرانصربلاللہ خان، چیف پرسانل آفیسرشعیب عادل اوردیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔