وزیر اعظم سے اظہار یکجہتی کیلئے تقریب

 
0
255

لاہورجولائی22( ٹی این ایس)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے زیر اہتمام وزیراعظم محمد نواز شریف سے اظہار یکجہتی کیلئے دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا جبکہ لیگی رہنماؤں نے کہا ہے کہ نوازشریف کروڑوں دلوں میں بستے ہیں ،وہ پہلے بھی سر خرو ہوئے اور آئندہ بھی ہوں گے ،ہمیں قوی امید ہے سپریم کورٹ سے انصاف ملے گا ۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے زیر اہتمام حلقہ این اے126میں وزیر اعظم محمدنوازشریف سے اظہار یکجہتی کیلئے دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔تقریب میں(ن) لیگ کے سینئر رہنما خواجہ احمد حسان، لاہور کے صدر و رکن قومی اسمبلی پرویزملک،صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر، رکن قومی اسمبلی شائستہ پرویز ملک، رابعہ فاروقی سمیت خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ اس موقع پر خواجہ احمد حسان نے وزیر اعظم نواز شریف کی درازی عمر اور ملک و قوم کی سلامتی اوراستحکام کیلئے اجتماعی دعا کرائی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ ملک کی ترقی کے خلاف سازشیں کرنے والے ناکام اور نامراد ہی رہیں گے۔ پاکستانی قوم کل بھی اپنے لیڈر نواز شریف کے ساتھ تھی اور آج بھی ساتھ ہے ۔انہوں نے کہا کہ قوم باشعور ہے ہر فرد کو علم ہے کہ سی پیک اغیار کی آنکھوں میں کس طرح کھٹکتا ہے ، یہ منصوبہ پاکستان کے لئے ریڑھ کی ہڈ کی حیثیت رکھتا لیکن کالے چہرے والے اس منصوبے کی راہ میں رکاوٹ ہیں،سی پیک پاکستان کی لائف لائن ہے اور اس منصوبے کو شروع کرنے کا سہرا وزیر اعظم نواز شریف کے سر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سے ضرور غلطیاں ہوئی ہوں گی لیکن ایسی غلطیاں نہیں ہوئی جس کی ہمیں سزا دی جائے ۔ نواز شریف نے ہمیشہ مشکلات اور آزمائشوں کا ڈٹ کر سامنا کیا اور کامیاب ہوئے اور اب بھی کامیابی ان کا مقدر ٹھہرے گی ۔ لیگی رہنماؤں نے مزید کہا کہ لیگی کارکن کبھی ڈرے ہیں اور نہ کوئی انہیں ڈرا سکتا ہے ،جو ہمیں گرانا چاہتے ہیں وہ خود گر جائیں گے لیکن اپنی سازشوں میں کامیاب نہیں ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کروڑوں کارکنان اور عوام نواز شریف کے ساتھ ہیں اور ان کے شانہ بشانہ چلیں گے ۔اس موقع پر کارکنوں نے اپنی قیادت کے حق میں بھرپور نعرے بازی بھی کی ۔