برطانوی فرم براڈ شیٹ کو 450 کروڑ روپے کی ادائیگی کا معاملہ ،قومی اسمبلی کی خارجہ امور کمیٹی نے معاملے کا نوٹس لے لیا

 
0
435

اسلام آباد 14 جنوری 2021 (ٹی این ایس): برطانوی فرم براڈ شیٹ کو 450 کروڑ روپے کی ادائیگی کا معاملہ ،قومی اسمبلی کی خارجہ امور کمیٹی نے معاملے کا نوٹس لے لیا۔سب نیوز کو موصول دستاویز کے مطابق خارجہ امور کمیٹی کا اجلاس 18 جنوری کو پارلیمنٹ ہاس میں طلب کر لیا گیا،براڈ شیٹ فرم اور نیب کے معاہدے کے حوالے سے بریفنگ کیلئے چیئرمین نیب جاوید اقبال بھی کمیٹی میں طلب کر لیا گیا اس حوالے سے ،جسٹس (ر) جاوید اقبال کو نوٹس بھجوا دیا گیا ۔دستاویز کے مطابق نظام آف حیدر آباد کیس میں پاکستان کا35 ملین پاؤنڈ کا دعوی مسترد کرنے کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل ہے جبکہ سیکرٹری خارجہ اور سیکرٹری قانون و انصاف کو قانونی امور پر بریفنگ دینے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ اس حوالے سے مختلف ممالک کی حکومتوں کے ساتھ معاہدوں اور کیسز کی تفصیلات اور ان پر قانونی رائے بھی مانگی گئی ہے ۔کمیٹی دستاویزات کی تصدیق کے دوران عوام کو درپیش مشکلات کا بھی جائزہ لے گی۔