وزیراعظم پاکستان عمران خان کی سربراہی میں ملکی سطح پر ہنر مند پاکستان پروگرام کے تحت سکل ڈویلپمنٹ اور ٹریننگ بارے پالیسی مرتب کرنے کے حوالے سے آج دوسری میٹنگ کا انعقاد

 
0
171

اسلام آباد 04 فروری 2021 (ٹی این ایس): وزیراعظم پاکستان عمران خان کی سربراہی میں ملکی سطح پر ہنر مند پاکستان پروگرام کے تحت سکل ڈویلپمنٹ اور ٹریننگ بارے پالیسی مرتب کرنے کے حوالے سے آج دوسری میٹنگ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی سربراہی میں ہوئی جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی و پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین سردار تنویر الیاس خان نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں طے پایا کہ پاکستان کے چاروں صوبوں ، اسلام آباد، آزادکشمیر اور گلگت بلتستان سے ہنر مند افراد کا ڈیٹا اکٹھا کرنے، مختلف شعبہ جات میں ہنر مندی کی تربیت دینے سمیت ہنر مندی سے متعلقہ تمام شعبہ جات کے درمیان رابطہ سازی بہتر کی جائے گی اور ان تمام منصوبے کیلئے جدید و مستند ڈیٹا بیس تیار کیا جائے گا تاکہ ہنر مند افراد کو ملک کے اندر اور باہر روزگار کی بہتر فراہمی یقینی بنانے سمیت نئے لوگوں کو ہنر مند بنانے کی طرف فوری پیش رفت کی جا سکے۔ اجلاس میں نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن(نیو ٹک ) کے سربراہ ڈاکٹر فیصل اور ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی(ٹیوٹا ) پنجاب کے چیئرمین علی سلمان صدیق نے کمیٹی کو اپنے جاری منصوبوں اور مستقبل کی منصوبہ بندی بارے تفصیلات سے آگاہ کیا جسے کمیٹی اراکین نے پسند کیا۔

اس اہم میٹنگ میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی سردار تنویر الیاس خان کے علاوہ ڈاکٹر فریحہ سیکرٹری تعلیم ،چیئرمین نیوٹک سید جاوید حسن ، ڈاکٹر فیصل سی ای او نیوٹک، چیئرمین ٹیوٹا پنجاب مسٹر علی سلمان، مسٹر سجاد برقی ، مسٹر عاطف خان ،چیئرمین نیشنل آئی ٹی بورڈ (این آئی ٹی بی) صباحت علی شاہ ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر مسٹر ناصر خان ،ایڈیشل سیکرٹری محی الدین احمد وانی، جائینٹ سیکرٹری وفاقی وزارت تعلیم خورشید احمد مروت کمیٹی اجلاس میں شریک ہوئے جبکہ کمیٹی میٹنگ میں بذریعہ آن لائن شریک ہونے والوں میں پنجاب کے وزیر ہائر تعلیم راجہ یاسر ہمایوں ،نیوٹیک یونیورسٹی کے وائس چانسلر لیفٹینٹ جنرل خالد اصغر ، خیبر پختنخواہ کے وزیر تعلیم کامران بنگش ، وفاقی سیکرٹری اوورسیز پاکستانی ہاشم پوپلزئی اور ایم ڈی ٹیوٹا کے پی کے سجاد علی شاہ شریک ہوئے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی سردار تنویر الیاس خان نے کمیٹی اجلاس اور میٹنگز کے حوالے سے میڈیا کو بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ہنر مند پاکستان پروگرام کے تحت ان شعبہ جات کیلئے پالیسی بنانے پر کام ہو رہا ہے کیونکہ وزیر اعظم پاکستان کا مشن ہے کہ جدید طرز کا قومی ڈیٹا بیس تیار کیا جائے جس میں ملک بھر کے ہنر مند افراد کا انکی مہارت کو مد نظر رکھتےہوئے ڈیٹا جمع کیا جائے اور نئے لوگوں کو ان شعبہ جات میں ٹریننگ کے ذریعے مہارت دی جائے کہ اس کے عوض بہتر روزگار کا انتظام ہو سکے ۔

سردار تنویر الیاس خان نے بتایا کہ اس وقت نیوٹیک کے آزادکشمیر میں بھی دو سنٹر مظفرآباد اور ہٹیاں بالا میں قائم ہیں ، پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے مختلف ڈویثرنز اور اضلاع میں سنٹر قائم ہیں جبکہ ملک بھر میں مجموعی طور پر 200 کے قریب سنٹر قائم ہیں، تکنیکی مہارت کے ان منصوبوں میں ورلڈ بنک اور ایشین ڈیویلپمنٹ بنک کی ٹیکنیکل معاونت بھی حاصل ہے اور کچھ منصوبوں میں ان مالیاتی اداروں کی مالی معاونت بھی حاصل ہے۔ کمیٹی اجلاس میں ان نقات پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے اتفاق کیا گیا کہ ملک بھر کے زیادہ سے زیادہ ہنر مند افراد کو قومی ڈیٹا بیس میں شامل کیا جائے گا ، ان میں جو لوگ یہیں اپنا کام کرتے ہیں ،یا ملک کے اندر کسی انڈسٹری میں کام کر رہے ہوں یا بیرون ملک کام کر رہے ہوں ان سب کا ڈیٹا جمع کیا جانا چاہیے اور تکنیکی مہارت سے منسلک جتنے بھی ادارے ملک میں کام کر رہے ہیں اور ان میں جتنے بھی لوگ ہیں ان کو قومی ڈیٹا بیس کا حصہ بنایا جانا ضروری ہے ، بیرونی دنیا میں جہاں بھی ہنر مند افراد کی ڈیمانڈ ہو تو ان لوگوں ک وہاں بھی بھیجا جا سکے اور ملک کے اندر بھی انڈسٹری میں جہاں بھی ہنر مند افراد کی ضرورت ہو ان کو بھی ورک فورس مہیا کی جا سکے. وزیر اعظم پاکستان چاہتے ہیں کہ پاکستان میں ہنر مندی سے ایسا ڈیٹا بیس تیار کیا جائے جو ترقی یافتہ ملکوں میں قائم ہے تاکہ ہم اپنے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ہنر مند بھی بنا سکیں اور ان کے روزگار کیلئے بھی انتظام کر سکیں . پالیسی بنائی جا رہی ہے ، ٹریننگ سنٹرز، ان سے متعلقہ انڈسٹری، ایکسپورٹ پروموشنل بیوروز کے درمیان رابطہ کاری بہتر کرنے بارے بھی پالیسی بنائی جا رہی ہے. اگلے 2 ہفتوں کے اندر وزیر اعظم پاکستان سے ملاقات کی جائے گی جس میں بنائی گئی پالیسی سامنے لائی جائے گی۔