پاکستا ن میں مغربی تہذیب وکلچر کو فروغ دینے کی کوشش کی جارہی ہے ،دینی قوتیں خاموش تماشائی نہیں بن سکتیں‘عبدالغفور حیدری

 
0
405

لاہور جولائی24(ٹی این ایس )جمعیت علمائے اسلام کے سیکرٹری جنرل اور ڈپٹی چیئر مین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ جماعت اسلامی کے ہیڈکواٹر منصورہ میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ سے ملاقات کی۔ملاقات میں نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم،اسد اللہ بھٹوایڈووکیٹ ،ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ،ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمداصغر،امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد،امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخواہ مشاق احمد اور جمعیت علمائے اسلام کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا امجد خان بھی موجود تھے۔ملاقات کے بعد دونوں راہنماؤں نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کی۔مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام کے عالمی اجتماع میں امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے دینی جماعتوں کے اتحاد اور مل کر چلنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ ملک کو درپیش چیلنجز سے نپٹنے کے لیے دینی جماعتوں کے ایک موثر پلیٹ فارم کی شدت سے ضرورت محسوس کی جاری ہے ۔جمعیت علمائے اسلام کی شوریٰ نے ان کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کی ہے تاکہ دینی جماعتوں خاص طور پر ان دینی جماعتوں سے ر ابطہ کیا جائے جو انتخابات میں حصہ لیتی ہیں اور جمہوری طریقے سے حالات کو بدلنے کی جدوجہد کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستا ن کے تشخص کو مٹانے اورمغربی تہذیب وکلچر کو فروغ دینے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ان حالات میں دینی قوتیں خاموش تماشائی نہیں بن سکتیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر جیسے قومی مسئلہ کو پس پشت ڈال دیا گیا ہے۔ملک میں کرپشن اور لوٹ مار کا بازار گرم ہے۔اقتدار اور وزارتو ں میں رہنے کے باوجود دینی جماعتوں کے دامن کرپشن سے پاک ہیں ہم نے ہمیشہ خدمت کی سیاست کی ہے۔دینی جماعتوں کے اتحاد سے قوم کو ایسی قیادت دینا چاہتے ہیں جو دیانتداری کے ساتھ پاکستان کو اس کے قیام سے ہم آہنگ کر سکتی ہو۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستا ن کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا کہ ہم نے پاکستان کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت اور علاقائی و قومی مسائل پر کھل کر بات کی ہے۔ دینی جماعتیں اس ملک کی ایک حقیقت ہیں جس سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ جمہوریت اور پارلیمانی نظام کا تحفظ کیا جائے۔قیادت کی تبدیلی انتخاب کے ذریعے ہونی چاہیے۔ملک دشمن قوتیں ہمارے تعلیمی نظام اور تہذیب و تمدن پر حملہ آور ہیں۔کرپشن سرطان کی طرح پھیل کر قومی وجود کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے۔ہمارا مطالبہ ہے قومی وسائل لوٹنے والوں کا احتساب ہونا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ دینی جماعتوں کے آپس میں رابطے ہیں اور ہم نے طے کیا ہے کہ یہ رابطہ برقرار رکھیں گے۔ دینی جماعتیں جلداپنا اجلاس منعقد کریں گی جس میں مستقبل کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اور جمعیت علمائے اسلام کی طرف سے دینی جماعتوں کے اتحاد کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رہیں گی،قبل ازیں مولانا عبدالغفور حیدری ان کے وفد کی منصورہ آمد پر جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ ،ڈاکٹر فرید احمد پراچہ،میاں محمد اسلم،اسد اللہ بھٹو ،میاں مقصوداحمد ،مشتاق احمد خان و دیگر رہنماؤں نے پرتپاک استقبال کیا۔