کراچی جولائی24(ٹی این ایس )آصف زرداری کے لاپتا قریبی ساتھی نواب لغاری واپس گھرپہنچ گئے۔ نواب لغاری کو4 اپریل کونا معلوم افراد نے اغواء کیا تھا۔ذرائع کے مطابق آج نامعلوم افراد گاڑی میں نواب لغاری کو سواں کے علاقے میں چھوڑگئے۔شوہر کی بازیابی کیلئے نواب علی لغاری کی اہلیہ نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا اور اپنی درخواست میں خدشہ ظاہر کیا تھا کہ نواب علی لغاری سیکرٹری داخلہ کی غیر قانونی حراست میں ہیں۔ انہوں نے درخواست میں استدعا کی تھی کہ 4 اپریل کو قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں کے روپ میں اغوا کار سواں گارڈن میں واقع ان کے گھر آئے اور شوہر سے شناختی کارڈ طلب کیا شناختی کارڈ دیکھتے ہی نواب علی لغاری کو زبردستی گاڑی میں ڈال کر لے گئے۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے سندھ کے سابق صوبائی مشیر نواب علی لغاری کی بازیابی کی درخواست پر وزارت داخلہ ، وزارت دفاع اور پولیس کو نوٹسز جاری کررکھے ہیں اور حکم جاری کیا تھا کہ اگلی پیشی تک عدم بازیابی پر وزیر دفاع سمیت دیگر متعلقین کو طلب کیا جا سکتا ہے۔واضح رہے کہ نواب لغاری کی بازیابی کے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں کیس زیرسماعت ہے ، درخواست کی سماعت اسلام آبادہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی کررہے ہیں۔