انڈین اوشن نیول سمپوزیم ورکنگ گروپ کی دو روزہ سرگرمیاں اختتام پذیر ہو گئیں

 
0
410

اسلام آباد جولائی 26(ٹی این ایس)پاک بحریہ کی طرف سے معلومات کے تبادلے اور مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت پر منعقد کی جانے والی انڈین اوشن نیول سمپوزیم(آئی او این ایس)ورکنگ گروپ کی سرگرمیاں اختتام پذیر ہو گئی ہیں۔ آئی او این ایس ورکنگ گروپ دس ممبر ممالک پر مشتمل ہے جس میںآسٹریلیا، ایران،بنگلہ دیش ، بھارت ،پاکستان،تھائی لینڈ، سنگا پور، عمان، فرانس اور متحدہ عر ب امارات شامل ہیں ۔ آئی او این ایس ورکنگ گروپ کی صدارت اس وقت پاکستان کے پاس ہے۔دو روزہ سرگرمیوں کے دوران آئی او این ایس ورکنگ گروپ نے بحرِ ہند میں بحری افواج کے مابین میر ی ٹائم تعاون کے بنیادی مقصد کے حصول کے لئے آئی او این ایس کے ممبر ممالک کے درمیان معلومات کے تبادلے اور مشترکہ آپریشنز کرنے کی صلاحیتوں کو مزیدبہتر بنانے کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا۔ ورکنگ گروپ نے معلومات کے تبادلے کوفروغ دینے اور خطے کی میری ٹائم سکیورٹی میں تعاون فراہم کرنے کے مختلف طریقوں پر بھی غور کیا۔پاکستان ہمیشہ سے خطے کے امن اور مشترکہ سکیورٹی کا پُر جوش حامی رہا ہے۔اس غیر متزلزل عزم کے علمبردارکے طور پر پاکستان یہ یقین رکھتا ہے کہ بحری افواج کا کسی مقصد کے حصول کے لئے مل بیٹھنا ممالک کے باہمی تعلقات کی بہتری میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔اسی تعمیری شمولیت کے جذبے کے تحت پاک بحریہ آئی او این ایس میں سرگرم انداز سے شرکت کرتی ہے۔یہ فورم اپنے ممبر ممالک کوایسا ایک پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے جہاں وہ عالمی مشترکہ مفادات کے حصول کے لئے مل کر کام کریں۔ ورکنگ گروپ کے اجلاس میں 9ممالک کے13مندوبین کی شرکت علاقائی امن کے لئے پاکستان کے عزم کی عکاس ہے اور اس سلسلے میں پاک بحریہ کی طرف سے کی جانے والی کوششوں کا اعتراف ہے۔