اسلام آباد 16 نومبر 2021 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پوری دنیا میں الیکٹرانک ووٹنگ کا استعمال ہوتا ہے، مجھے سمجھ نہیں آتی اپوزیشن کو ٹیکنالوجی سے کیا مسئلہ ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے فخر ہے کہ ہم نے ملکی ترقی میں الیکشن کا نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کا سوچا، ساری دنیا کے اندر ٹیکنالوجی کا استعمال ہورہا ہے، ممالک اپنے انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے کرارہے ہیں تاکہ شفاف عمل ہو لیکن مجھے حیرت ہے کہ ہماری اپوزیشن کو مشین سے کیوں ڈر لگ رہا ہے۔
للِیہ تا جہلم شاہراہ کا سنگِ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انوہں نے کہا کہ فواد چوہدری نے جس جنون کے ساتھ جہلم کی جنگ لڑی ہے اس پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ یہ وہ دور ہے کہ کس نے کیا کام کیا، موبائل فون پر باآسانی معلومات دستیاب ہے، کیا ملک میں بیرونی خسارہ سب سے بڑا تھا، باآسانی انٹرنیٹ پر جواب مل جائے گا۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہماری کوشش رہی کہ ملک میں پائیدار ترقی کرنی ہے، جب ملک میں انتخابات نہیں بلکہ آنی والی نسلوں کا سوچا جائے تو قوم ترقی کرتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چائنہ کی ترقی کا راز ہے کہ انہوں نے پائیدار ترقی کے بارے میں سوچا، سب سے پہلے انہوں نے غربت ختم کی اور پھر ترقیاتی منصوبے تشکیل دیے، ایسا نہیں ہوتا کہ اربوں روپے مالکیت کی میٹرو بنا کر سوچا جائے کہ میں الیکشن جیت جاؤں گا، قوم ایسے آگے نہیں بڑھتی۔
انہوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ ہم نے الیکشن کا نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کا سوچا۔
وزیر اعظم عمران خان نے خبردار کیا کہ ملکی ترقی میں نمایاں کردار پانی کا بھی ہے، زمین موجود ہے لیکن قلت آب کے باعث کئی مسائل جنم لے رہے ہیں، جس میں قابل ذکر نقصان زراعت کو ہورہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قلت آب کی کمی کو پورا کرنے کے لیے گزشتہ 50 برس میں پہلی مرتبہ 3 بڑے ڈیمز بن رہے ہیں اور آئندہ 10 برس میں 10 ڈیمز بنیں گے، ان ڈیمز کی پلاننگ 40 سال پہلے ہوئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ جب ہم نے درخت لگانے کے منصوبے متعارف کرائے تو ہمارا مزاق اڑایا گیا، سابقہ حکومتوں میں جنگلات ختم کردیے گئے، نیشنل پارکس نہیں بنائے گئے، دنیا نے سابقہ حکومتوں کی تعریف نہیں کی۔
عمران خان نے کہا کہ برطانوی وزیر اعظم موسمیاتی تبدیلی کے سمٹ میں پاکستان کی مثال دیتا ہے، جس پر اپوزیشن مزاق اڑا رہی تھی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ورلڈ بینک کہتاہے کہ موجودہ حکومت میں غربت کم ہوئی ہے، مشکل وقت ہے لیکن مکمل اعتماد ہونا چاہیے ہم اس مہنگائی سے بھی نکل جائے گے، مہنگائی کا بھاؤ بیرون ملک سے آرہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے، آئندہ دنوں میں ایک بڑا ریلیف پیکج لانے والے ہیں۔