تحریک عدم اعتماد، اسمبلی اجلاس 21مارچ اور ووٹنگ 28کو ہوگی

 
0
106

اسلام آباد 14 مارچ 2022 (ٹی این ایس): اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد پر قومی اسمبلی کا اجلاس 21مارچ کو ہوگا اور عدم اعتماد پر ووٹنگ 28کو ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں قومی اسمبلی کا اجلاس بلائے جانے پر مشاورت مکمل کرلی گئی ہے۔اجلاس میں اسد عمر نے اتحادی جماعتوں سے رابطوں اور مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے قانونی نکات پر بریفنگ دی جب کہ صوبائی صدور نے پارٹی کے تنظیمی معاملات سے آگاہ کیا۔قومی اسمبلی کا اجلاس 21 مارچ کوہوگا جبکہ تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ 28مارچ کو ہوگی۔کور کمیٹی نے عدم اعتماد سے متعلق تمام فیصلوں کا اختیار وزیراعظم کو دے دیا ہے۔وزیراعظم نے اتحادیوں پر بھرپور اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ اتحادی کہیں نہیں جارہے،ہمارے ساتھ ہیں اور ہماری تمام تیاریاں مکمل ہیں، عدم اعتماد سے کوئی پریشانی نہیں،صورتحال اطمینان بخش ہے۔کور کمیٹی میں اتفاق کیا گیا ہے کہ ڈی چوک پر ملکی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا جب کہ پی ٹی آئی نے جارحانہ پالیسی جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔کور کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر میں سیاسی جلسے جاری رکھے جائیں گے جب کہ ملک کے مزید شہروں میں جلسے کیے جائیں گے۔دوسری جانب تحریک انصاف نے ستائیس مارچ کو ڈی چوک جلسے کا اعلان کردیا ۔تحریک انصاف نے عدم اعتماد کی ووٹنگ سے ایک روز قبل جلسے کرنے کا اعلان کیا تھا ۔پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر نے ملکی تاریخ کے سب سے بڑے جلسے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ27 مارچ کو اسلام آباد کے ڈی چوک میں انسانوں کے سمندر کا خیر مقدم کریں گے،27 مارچ کو اسلام آباد کے ڈی چوک میں تاریخ رقم کریں گے، اسدعمر نے کہا کہ عمران خان قوم کے اتحاد کی علامت، لٹیروں کیلئے خوف کا پیغام ہیں، عوام کی بھرپور تائید اور اللہ کی نصرت سے عمران خان پاکستان کو ترقی و عروج کی راہ پر ڈال چکے ہیں، مفاد پرستوں کا ایک گروہ پاکستان کی ترقی کی راہ روک کر قوم کو پستی کی جانب دھکیلنا چاہتا ہے، اسد عمر نے کہا کہ کسی کو ملک و قوم کے مستقبل سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے، پاکستان تحریک انصاف کے ذمہ داران ملکی تاریخ کے سب سے بڑے عوامی اجتماع کے انعقاد کی تیاری کریں۔انہوں نے کہا کہ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، سینٹرز اور مقامی ذمہ داران ملک گیر سطح پر عوام کو متحرک کریں، مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل و رکن قومی اسمبلی عامر محمود کیانی جلسے کے انتظامات کی نگرانی کریں گے، 27 مارچ کو عوام کے محبوب قائد قوم کو آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے، انشااللہ۔