اپوزیشن انتخابات سے بھاگ رہی ہے، اپوزیشن راہنمائوں کی غیر ملکی سفیروں کے ساتھ ملاقاتوں کی تحقیقات کے لئے عدالتی کمیشن بنایا جائے، پی ٹی آئ راہنما ئو ں کی سپریم کورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو

 
0
181

اسلام آباد 04 اپریل 2022 (ٹی این ایس): تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے کہا ہے کہ ہمیں بار بار آرٹیکل 6 کا کہا جاتا ہے،آرٹیکل 6 سے پہلے آرٹیکل 5 بھی ہے ، پی ڈی ایم والے اس عدالت میں بڑھ چڑھ کر آتے ہیں ،ہماری بھی عدالت سے استدعا ہو گی کہ عدالت ایک کمیشن بنائے اور معلوم کرے کہ بلاول کی واشنگٹن کے ہوٹل میں کس سے ملاقات ہوئی تھی ۔

سپریم کورٹ کے باہر تحریک انصاف کے رہنمائوں شہزاد اکبر ،سینٹر فیصل جاوید اور دیگر کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہ راجہ ریاض سے غیر ملکی سفیر کیوں ملتے رہے۔کمیشن بنا کر یہ پتہ لگایا جائے کہ بلاول اور مریم کس کس سے ملاقات کرتے رہے اورشہباز شریف کی کن سفیروں سے ملاقاتیں ہوئی ہیں ۔

شہباز گل نے کہا کہ پاکستان کے عوام آئین کے مالک ہیں اور ہم عوام کے پاس جا رہے ہیں ۔اس موقع پر شہزاد اکبر نے کہا کہ اپوزیشن کہتی ہے کہ ڈپٹی سپیکر کی جانب سے عدم اعتماد کو مسترد کر نا آئینی بحران ہے جبکہ یہ ایک آئینی مسئلہ ہے انہوں نے کہا نہ میں لندن اور نہ ہی کہیں اور گیا میں پاکستان میں تھا۔ سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ آج شام کو ریڈ زون سے باہر بلیو ایریا میں جشن منائیں گے ،رمضان المبارک ہے تو قوالی اور آتش بازی کا اہتمام کیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا تحریک انصاف کی حکومت کا آدھے سے زیادہ وقت کورونا وائرس کی عالمگیر وبا میں گزرا ، وبا کی وجہ سے دنیا کی معیشت نیچے آئی لیکن عمران خان کی اچھی پالیسی کی وجہ سے پاکستان کی معشیت اوپر گئی ۔

کورونا وائرس کی وبا کے دوران پاکستان کی کارکردگی بہت بہتر رہی ہے ،مہنگائی کی وجہ سے لوگ پریشان تو تھے لیکن یہ عالمی منگائی کی وجہ سے تھا۔

سینٹر فیصل جاوید نے کہا عدم اعتماد تحریک لانے پر اپوزیشن کا شکریہ ادا کرتے ہیں اس کی وجہ سے ہمارے کارکن متحرک ہوئے،اپوزیشن کی کوشش تھی کہ عدم اعتماد کامیاب ہو لیکن ان کی یہ کوشش کامیاب نہیں ہو سکی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال اپوزیشن والے جلد الیکشن کروانے کا کہہ رہے تھے کہ پی ڈی ایم بہت مقبول ہے جلد الیکشن کروایا جائے ،پی ٹی آئی نے اسمبلی تحلیل کر کے ان کی یہ خواہش بھی پوری کر دی ہے،اب ہم کہہ رہے ہیں کہ الیکشن میں آئیں تو یہ لوگ بھاگ رہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ ہم الیکشن کی تیاری کر رہے ہیں ،کل ہماری پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہونے جا رہا ہے،اب ہم نظریاتی پارٹی کارکنوں کو ترجیح دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اب الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم ) پر الیکشن ہو گا جو پاکستان کی تاریخ کا صاف شفاف الیکشن ہو گا،پہلا الیکشن ہوگا جس میں 35 پنکچر نہیں لگیں گے ،اب اوورسیز پاکستانی بھی ای ووٹنگ کے ذریعے ووٹ ڈال سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے دھاندلی کیخلاف بھرپور جدوجہد کی ، اپوزیشن والے عدم اعتماد کے ذریعے اقتدار میں آکر ای وی ایم کو ختم کرنا چاہتے تھے لیکن ان کی سازش کامیاب نہیں ہو سکی ۔ سینٹر فیصل جاوید نے کہا تحریک انصاف نے یوتھ کو متحرک کیا جس کو عمران خان لیڈ کریں گے ۔