اسلام آباد پولیس کے ایک اور بہادر سپوت نے فرض کی راہ میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کر دیا

 
0
116

تھانہ شہزاد ٹاﺅن کے علاقے میں جرائم پیشہ عناصر کی فائرنگ سے کنسٹیبل محمد عاقب شہید ہو گئے ۔ شہید کی نماز جنازہ پولیس لائن ہیڈ کوارٹرز میں ادا کر دی گئی جس میں آئی جی اسلام آباد محمد احسن یونس سمیت ، اسلام آباد انتظامیہ ، لاءانفورسمنٹ ایجنسیز کے افسران اور پولیس کے سینئر افسران و جوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اسلام آباد 20 اپریل 2022 (ٹی این ایس): تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس کے ایک اور بہادر سپوت نے فرض کی راہ میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کر دیا۔تھانہ شہزاد ٹاﺅن کے علاقے میں پولیس ٹیم نے منشیات فروشوں کی اطلاع پر چھاپہ مارا تو ملزمان نے اچانک پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی ۔ ایک فائر پولیس افسر محمد عاقب کی چھاتی پر لگا جس کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہادت کے رتبے پر فائز ہو گئے ۔واقعہ کے فوری بعد آئی جی اسلام آباد محمد احسن یونس، ایس ایس پی آپریشنز محمد فیصل کامران اور دیگر سینئر افسران بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور علاقے میں ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن کیا۔ آئی جی اسلام آباد نے ہسپتال کا بھی دورہ کیا اور شہید کی فیملی سے ملے ۔شہید محمد عا قب کی نماز جنازہ بدھ کے روز صبح 09بجے پولیس لائن ہیڈ کوارٹرز میں ادا کر دی گئی جس میں آئی جی اسلام آباد سمیت پولیس کے سینئر افسران ، ڈی سی اسلام آباد ، ونگ کمانڈر پاک رینجرز سمیت دیگر سینئر افسران اور بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ آئی جی اسلام آباد ، ڈی سی اسلام آباد نے شہید کی میت پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی اور شہید کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا جس کے بعد شہید کی میت کو تدفین کے لئے پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے رہائش غوری ٹاﺅن اسلام آباد بھیج دیا گیا ۔آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کے اس بہادر جوان نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کے دوران بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے سینے پر گولی کھائی اور جام شہادت نوش کیا۔ اسلام آباد پولیس شہید کے لواحقین کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کے لئے ایس ایس پی آپریشنز کی سربراہی میں سپیشل پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو مختلف علاقوں میں چھاپے مار رہی ہیں جلد ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔