روپیہ تگڑا؛ ایک دن میں ڈالر کی قدر میں بڑی کمی

 
0
84

اسلام آباد 23 جون 2022 (ٹی این ایس): چین سے قرضہ ملنے کے بعد ڈالرکی قدر میں کمی، انٹربینک میں ڈالر 2 روپے 93 پیسے سستا ہوگیا۔
فاریکس ڈیلرز کے مطابق انٹربینک میں ڈالر 209 روپے کا ہوگیا ہے۔
بدھ کے روز کاروبار کے دوران ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ رہا اور مجموعی طور پر ڈالر کی قیمت میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ بدھ کے روز کاروبار کے اختتام پر ڈالر 211 روپے 93 پیسے پر بند ہوا تھا۔
گزشتہ روز وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا تھا کہ آئندہ چند روز تک چین سے 2.3 ارب ڈالر موصول ہو جائیں گے۔ اپنی ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز پاکستان کی جانب سے دستخط کے بعد چینی بینکوں کے کنسورشیم نے آج آر ایم بی 15 ارب ( 2.3 ارب ڈالر) قرض کی سہولت کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قرض کی رقم چند دن کے اندر موصول ہو جائے گی۔ ہم اس معاملے کو آسان بنانے پر چینی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔