مہنگائی کی نئی لہر،اشیاء خوردونوش کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں

 
0
98

مہنگائی کی نئی لہر نے عام آدمی کے ساتھ متوسط طبقے کی مشکلات بھی بڑھادیں، نان بائیوں نے روٹی مہنگی کردی، چکن کی قیمت میں بھی روز بروز اضافے کا سلسلہ جاری ہے، شہری کہتے ہیں اب تو دال، سبزی کچھ بھی سستا نہیں رہا، جائیں تو جائیں کہاں۔

تفصیلات کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد آنے والے مہنگائی کے نئے طوفان نے شہریوں کی کمر توڑ دی، گوشت تو گوشت اب سبزیوں اور دالوں کی قیمتیں بھی عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوچکی ہیں۔حیدر آباد میں نان بائیوں نے روٹی ، چپاتی اور نان کی قیمتوں میں اضافہ کردیا، نان پانچ روپے اضافے کے بعد 30 روپے میں فروخت ہونے لگا، چپاتی 20 روپے کی کردی گئی۔

شہریوں نے حکومت سے روٹی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔نوشہرہ اور دیگر شہروں میں مرغی کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ رکنے کا نام ہی نہیں لے رہا، ایک دن میں مرغی کی قیمت میں 15 روپے اضافہ کردیا گیا، قیمتوں میں اضافے کے باعث شہریوں کے ساتھ چکن فروش بھی پریشان ہیں۔سکھر میں مرغی کے گوشت کے بعد دالوں اور چاول کی قیمتوں میں اضافے نے بھی عوام کے ہوشاڑدیئے، دال ماش 400 روپے، دال مونگ 350 روپے، دال چنا 240 روپے کلوتک پہنچ گئی، چاول کی قیمت میں اضافے کے بعد سپراسٹریم 350 روپے کلو ہوگیا۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اب تو کچھ بھی سستا نہیں رہا، حکومت صرف دعوں کے بجائے مہنگائی پر قابو پانے کیلئے عملی اقدامات کرے۔