اسلام آباد(ٹی این ایس) حکومت کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے..وزیر اعظم شہباز شریف

 
0
559

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ کی خاطر ہرممکن اقدامات کے لیے پُرعزم ہے کرکٹ کا کھیل پوری قوم کو متحد کرتا ہے،وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 کا فائنل جیتنے پر اسلام آباد یونائیٹڈ کو مبارکباد دی اورکامیاب انعقاد پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)، سیکیورٹی فورسز، انتظامیہ، منتظمین اور شائقین کو خراج تحسین پیش کیا وزیراعظم نے کہا ہے کہ پوری لیگ میں شاندارمقابلےاوربہترین اسپورٹس مین اسپرٹ دیکھنےمیں آئی۔
پی ایس ایل میں شرکت کرنے والے بین الاقوامی کھلاڑیوں کے خصوصی طور پر ممنون ہیں، پی ایس ایل کی بدولت پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی میں مدد ملی۔ واضح رہے کہ گزشتہ شب پی ایس ایل فائنل میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ فائنل میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 160 رنز کا ہدف دیا تھا۔ پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 کے فائنل میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 160 رنز کا ہدف دیا تھا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ ملتان سلطانز کو 2 وکٹوں سے شکست دے کر تیسری

 

مرتبہ پی ایس ایل چیمپئین بن گئی جب کہ ملتان سلطانز مسلسل تیسرا فائنل جینتے میں ناکام رہی ہے۔ فائنل میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے آغاز پر ہی ملتان سلطانز کو نقصان اٹھانا پڑا اور اس کے ابتدائی دو بلے باز صرف 14 رنز پر پویلین لوٹ گئے، دونوں کھلاڑیوں کو اسپنر عماد وسیم نے آؤٹ کیا۔ اوپنر یاسر خان 6 اور ڈیوڈ ولی 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کے بعد کپتان محمد رضوان اور عثمان خان نے اسکور کو آگے بڑھانے کی کوشش لیکن زیادہ کامیاب نہیں ہوسکے، محمد رضوان 26 رنز بنا کر شاداب خان کا شکار بن گئے۔ ان کے بعد جونسن چالس بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہیں ٹھہر سکے اور صرف 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، ملتان کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی عثمان خان تھے جو 57 رنز بنا کر شاداب خان کا دوسرا شکار بنے۔ ان کے بعد اسامہ میر 6، خوشدل شاہ 11، کرس جارڈن صفر اور عباس آفریدی ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ جارح مزاج بلے باز افتخار احمد 20 گیندوں پر 32 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس طرح سے ملتان سلطانز مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنا سکی اور جیت کے لیے اسلام آباد یونائٹڈ کو جیت کے لیے 160 رنز کا ہدف دے دیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے آل راؤنڈر عماد وسیم نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ کپتان شاداب خان نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، مارٹن گپٹل 50 اور اعظم خان 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، عماد وسیم 19 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ نسیم شاہ نے 17 رنز بنا کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ ملتان سلطانز کی جانب سے افتخار احمد، خوشدل شاہ نے 2،2 ڈیوڈ ولی، محمد علی اور اسامہ میر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ پی ایس ایل کی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہا ہے کہ تمام کھلاڑیوں نے مل کر فلسطین کا پرچم لے کر میدان کا چکر لگانے کا فیصلہ کیا تھا اور اگر مجھ سے پوچھیں گے یہ فتح یقیناً فلسطینیوں کے نام کرنی چاہیے۔فائنل میں فتح کے بعد پریس کانفرنس کے دوران جب شاداب سے گراؤنڈ میں فلسطین کا پرچم لے کر چکر لگانے کے حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ یہ ایک اہم اقدام تھا، یہ ہم سب کا مل کر ایک آئیڈیا تھا اور اللہ تعالیٰ نے ہمیں وہ موقع فراہم کیا۔ فلسطین کے لیے ہم جو کر سکتے ہیں تو ہمیں ان کے لیے وہ کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ جب ان سے سوال کیا گیا کہ آپ اپنی اس یادگار فتح کو فلسطین کے نام کریں گے تو لیگ اسپن آل راؤنڈر نے کہا کہ بہت مشکل سوال کیا ہے، ابھی اس بارے میں بات نہیں ہوئی لیکن اگر مجھ سے پوچھیں تو یقیناً یہ فتح ان کے نام کرنی چاہیے۔ شاداب نے کہا کہ عماد وسیم نے یقیناً کچھ مسائل کی وجہ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ لیا ہو گا لیکن اب ان کا اپنا فیصلہ ہے کہ وہ ریٹائرمنٹ واپس لینا چاہتے ہیں کیونکہ ورلڈ کپ کا سیزن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ آنے والا ہے تو ہمارے بہترین کھلاڑیوں کو موقع ملنا چاہیے، میری خواہش ہے کہ وہ پاکستان کے لیے کھیلیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان نے کہا کہ میں پاکستان کے لیے کھیلتے ہوئے بھی اوپری نمبروں پر ہی بیٹنگ کرنا چاہتا ہوں لیکن میرا ماننا ہے کہ جہاں ٹیم کو ضرورت ہو میں کوشش کروں کہ اس جگہ پر میچز جتواؤں، جس نمبر پر بھی ٹیم کو ضرورت ہو اس نمبر پر کھیلنا چاہیے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان نے کہا کہ شاہ برادران کی والدہ نہیں ہیں، ماں ہر فرد کی ضرورت ہے تو میری والدہ کی کوشش ہوتی ہے کہ نسیم، حنین اور عبید کو وہ احساس فراہم کر سکیں، ہر شخص جس کی ماں نہیں ہے اس کو ماں کی کمی محسوس ہوتی ہے، تو میری والدہ کی کوشش ہوتی ہے کہ جس طرح وہ مجھ سے پیار کرتی ہیں، اسی طرح ان سے بھی پیش آئیں، ابھی وہ بہت جوان ہیں تو انہیں ماں کی ضرورت بھی زیادہ ہے، اسی وجہ سے میری والدہ ان کے بہت قریب ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے فائنل میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو شکست دے کر چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔