ْکوٹ لکھپت سبزی منڈی کے پولیس شہداء کے لواحقین میں مالی امداد کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب

 
0
397

لاہور:اگست29(ٹی این ایس) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے قوم کے ہیروہیںاورپوری قوم ان شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔انشاء اللہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گااوران کی قربانیوں کے باعث پاکستان میں امن قائم ہوگااورملک ترقی و خوشحالی کا سفر کامیابی سے طے کرے گا۔پاک افواج ،پولیس اورسکیورٹی اداروں کے افسران و جوان جرأت اوربہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کررہے ہیں ۔

دہشت گردوں نے بے گناہ لوگوں کا خون بہایاہے اوروہ وقت آئے گا جب ان شہداء کا خون رنگ لائے گااور پاکستان امن کا گہوارہ بنے گا۔ہمیں باہمی خلفشار اورباہمی اختلافات کو ختم کر کے دہشت گردی کے خلاف ملکر آگے بڑھنا ہے اور دہشت گردی و انتہاء پسندی کے خاتمے کے اہداف ہر قیمت پر حاصل کرنا ہیں۔ ہمیں ایک دوسرے کو نشانہ بنانے کی بجائے پوری قوت کے ساتھ دہشت گردوں کے خلاف لڑنا ہے اوروطن عزیز سے دہشت گردی و انتہاء پسندی کا خاتمہ کرنا ہے کیونکہ دہشت گردی کے عفریت کو ختم کیے بغیر پاکستان ترقی وخوشحالی کا سفر طے نہیں کرسکتا۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار یہاں ماڈل ٹاؤن میں کوٹ لکھپت سبزی منڈی کے بم دھماکے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لواحقین میں مالی امداد کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔وزیراعلیٰ نے پولیس شہداء کے لواحقین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ ایسے گھرانوں کے عظیم لوگ ہیں جن کے پیاروں نے وطن عزیز کے امن کیلئے اپنی جانوں کی قربانی دی اور اپنے لہو کا نذرانہ پیش کیا ،قوم کو آپ پر فخر ہے ۔

انہوںنے کہا کہ آپ کے پیاروں نے پاکستان کے امن کے لئے جام شہادت نوش کیا ہے ، اس کا اجراللہ تعالیٰ دے گا،تاہم دنیا کے اندھے تھپیڑوں کا مقابلہ کرنے کیلئے پنجاب حکومت بھی آپ سے تعاون کی ذمہ داری نبھائے گی۔مالی امداد کسی جان کی کوئی قیمت نہیں ہے اورنہ ہی یہ اس کی تلافی کرسکتی ہے جو آپ کے پیاروں نے قربانی دی ہے ۔دنیاوی تقاضے پورے کرنے ہیں اورآپ کے بچوں نے تعلیم حاصل کر کے اس ملک و قوم کی خدمت کرنا ہے اور اس حوالے سے آپ کی ضروریات پوری کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اورہم یہ ذمہ داری نبھائیں گے۔

انہوںنے کہاکہ شہداء پیکیج کے مطابق شہید سب انسپکٹر اور اسسٹنٹ سب انسپکٹرکو 1کروڑ 25لاکھ اورشہیدکانسٹیبل 1کروڑ روپے نقد دیئے جارہے ہیں جبکہ شہید سب انسپکٹر کو 7مرلے کا گھرجس کی قیمت1کروڑ 75لاکھ روپے ہے اورشہید کانسٹیبل کو 5مرلے کا گھر دیا جارہا ہے جس کی قیمت 1کروڑ 35لاکھ روپے ہے۔شہداء کے بچوں کی تعلیم اورعلاج معالجہ مفت ہوگا، شہداء کے بچے جب تک تعلیم حاصل کرنا چاہیں گے پنجاب حکومت ان کے اخراجات برداشت کرے گی اورشہداء کے لواحقین اپنے خاندان میں سے جس کو پولیس میں ملازمت کیلئے نامزد کریں گے انہیں پولیس فورس میں شامل کیا جائے گا۔

انہوںنے کہاکہ ہمیں پنجاب حکومت اور پنجاب پولیس کو آپ پر فخر ہے اورہم آپ کی ہر قسم کی خدمت کیلئے ہمہ وقت حاضر ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے میڈیا کے نمائندوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر دہشت گردوں کا نشانہ میری ذات تھی تو میںان شہداء کا قرض کبھی ادا نہیں کرسکتاجنہوںنے جام شہادت نوش کیا ہے۔ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ امریکہ کے ساتھ دشمنی مول نہیں لینی چاہیے بلکہ امریکہ کے ساتھ عزت اوروقار کیساتھ بات کرنی چاہیے۔

ہمیں قوم کیساتھ اوراپنے آپ کیساتھ ایمانداری اورصاف گوئی سے کام لینا چاہیے۔ ملتان میٹرو بس سروس منصوبے میں مبینہ کرپشن کے حوالے سے سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ جس چینل نے دروغ گوئی سے کام لیا ہے اس کو خلاف لیگل نوٹس جاچکا ہے اورمیری ٹیم اس بے بنیاد اورلغو الزام کا بھر پور جواب دے گی، تاہم اگر میرے تینوں ادوار میں میرے خلاف ایک دھیلے کی کرپشن بھی ثابت ہوجائے تو عوام کاہاتھ اور میراگریبان ہوگا۔

اس معاملے میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہونا چاہیے اور میں اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھوں گا جب تک سچ قوم کے سامنے نہیں آجاتا۔ہم نے اربوں روپے دکھی قوم کے بچائے ہیں -صریحاً بدیانتی کی بنیاد پر دروغ گوئی،جھوٹ اورالزامات ٹی وی چینل کو زیب نہیں دیتا،سارے حقائق قوم کے سامنے لائیں گے۔امریکی صدر ٹرمپ کے بیان کے بارے میں سوال پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس بارے میں پنجاب حکومت کا ردعمل آچکا ہے اورمیں اپنا موقف دے چکا ہوں ۔

یہ ہماری اپنی اور قوم کی ضرورت ہے کہ دہشت گردی اورانتہاء پسندی کا خاتمہ کریں کیونکہ دہشت گردی کاخاتمہ کیے بغیر ملک ترقی و خوشحالی کا سفر طے نہیں کرسکتا۔مردم شماری کے بارے میںپوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ پاکستان چار اکائیوں پر مشتمل ہے اورہم ایک ہی خاندان کے افراد ہیں اورہمیں مل بیٹھ کر اپنے معاملات طے کرناہیں ۔ہمیں مردم شماری کے اعداد وشمار پر سنجیدگی اورٹھنڈے دل سے غور کرنا چاہیے۔

پنجا ب کی آبادی اگر کم ہوئی ہے تو اس کی وجوہات کا جائزہ لینا چاہیے اوراس امر کو بھی سامنے رکھنا چاہیے کہ اگر کسی صوبے کی آبادی میں اضافہ ظاہر ہوا ہے تو یہ افغان مہاجرین کی وجہ سے بھی ہوسکتا ہے ۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کوٹ لکھپت سبزی منڈی کے پولیس شہداء کے لواحقین میں چیک تقسیم کیے ۔اس موقع پر شہداء کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔صوبائی وزراء کرنل (ر) ایوب گادھی ، جہانگیر خانزادہ ، ترجمان پنجاب حکومت ملک احمد خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ حکام اس موقع پر موجود تھی-