عالمی برادری روہنگیا کو بچانے کے لیے مداخلت کرے، ملالہ یوسفزئی

 
0
380

برمنگھم ستمبر 8(ٹی این ایس)نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو میانمار کے مسلمانوں کو بچانے کے لیے مداخلت کرنی چاہیے۔برطانوی ٹی وی سے بات چیت میں انھوں نے میانمار کی رہنما آنگ سان سو چی پر زور دیا کہ وہ روہنگیا کے لیے آواز بلند کریں۔ملالہ نے بتایاکہ اب ہم خاموش نہیں رہ سکتے۔ بیگھر ہونے والوں کی تعداد اب لاکھوں تک پہنچ گئی ہے۔انہوں نے میانمار میں تشدد ختم کرنے کے لیے بین الاقوامی ردِ عمل کا مطالبہ کیا۔ملالہ نے کہاکہ میرے خیال سے ہم ایک سیکنڈ کے لیے بھی یہ تصور نہیں کر سکتے کہ اگر آپ کی شہریت، آپ کا ایک ملک میں رہنے کا حق مکمل طور پر رد کر دیا جائے تو کیا ہو گا۔یہ انسانی حقوق کا مسئلہ بننا چاہیے۔ حکومتوں کو اس پر ردِ عمل دکھانا چاہیے۔ لوگ بیگھر ہو رہے ہیں، انھیں تشدد کا سامنا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں جاگ جانا چاہیے اور اس پر ردِ عمل دکھانا چاہیے، اور مجھے امید ہے کہ آنگ سانگ سو چی بھی اس پر ردِ عمل دکھائیں گی۔