ایف آئی اے سندھ زون کو دو حصوں میں تقسیم کرنے کا فیصلہ

 
0
337

کراچی ستمبر 12 (ٹی این ایس ) ایف آئی اے سندھ زون کو دو حصوں میں تقسیم کرنے کا فیصلہ ہوگیا ہے اور اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے بشیر میمن نے سندھ پولیس کے گریڈ 20 کے دو افسران اور گریڈ 19 کے 5 افسران سمیت مجموعی طور پر 17 افراد کو ایف آئی اے میں تعیناتی کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو مراسلہ تحریر کیا ہے جس کے بعد مذکورہ محکمے نے وزارت داخلہ کو ان افسران کے ایف آئی اے میں تعیناتی کا خط تحریر کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نئے ڈی جی نے تعیناتی کے بعد وزارت داخلہ سے مشاورت کی اور فیصلہ ہوا کہ سندھ زون کو دو حصوں میں تقسیم کردیا جائے۔

ایک کراچی زون ہوگا اور اس کا ڈائریکٹر ہوگا۔ دوسرا حیدرآباد زون ہوگا جس میں سکھر زون بھی شامل ہوگا اور بعد میں نواب شاہ اور لاڑکانہ میں دفاتر قائم کرکے اسی زون میں شامل کردیئے جائیں گے جن افسران کو ایف آئی اے میں شامل کیا جارہا ہے اس میں اسٹیبلشمنٹ میں تعینات گریڈ 20 کے افسران محمد اعظم، شکیل درانی، ڈاکٹر امیر شیخ، کیپٹن (ر) شعیب، منیر شیخ شامل ہیں۔

سندھ پولیس کے گریڈ 19 کے پانچ افسران جن میں یونس چانڈیو، سلام شیخ، سیّد محمد وصی حیدر، مجاہد اکبر اور جاوید اکبر ریاض شامل ہیں، اس کے علاوہ گریڈ 19 کے خیبرپختونخوا کے ڈاکٹر خرم رشید، حکومت پنجاب کے گوہر مشتاق بھٹہ، پنجاب پولیس کے عبدالرب، نیب کراچی میں تعینات ایڈیشنل ڈائریکٹر جاوید احمد خان، آزاد جموں و کشمیر کے کامران علی اور بلوچستان پولیس کے گریڈ 18 کے دو افسران علی شیر جاکھرانی اور شہروز کلہوڑو شامل ہیں۔