آزادی کپ کا انعقاد،حکومت پنجاب کا قابل تعریف کردار

 
0
1414

لاہور ستمبر 15 (ٹی این ایس) پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی ایک بڑی کامیابی ہے اس سے اہل پاکستان مسرور و نازاں اور دشمنان پاکستان مایوس ہو گئے ہیں،قومی سطح پر یہ ایک بڑی کامیابی ہے اسکا سہرا یقینا پاکستان کرکٹ بورڈ کو جاتا ہے تاہم جو تعاون  جس تنظیم و ترتیب کے ساتھ حکومت پنجاب نے پیش کیا وہ قابل ستائش ہی نہیں بلکہ اسکے بغیر آزادی کپ کا انعقاد ممکن نہیں ہو سکتا تھا۔


حفاظتی انتظامات سخت اور فول پروف ہونے کے ساتھ ساتھ شائقین کے لیے راحت و راہنمائی کا بھی ذریعہ ہیں،رینجرز اور پولیس کے ساتھ  گھڑ سوار و موٹر سائیکل سوار دستے سیکورٹی  کو بہتر کرنے کے  ساتھ جاذب نظر بھی بناتے ہیں ۔مناسب مقامات پر کھڑے آگ بجھانے والے انجن اور ریسکیو 1122 کی ایمبیولینسز کے علاوہ تمام سامان کے ساتھ تیار بیٹھے امدادی کارکن اور ستھرے یونیوفارم میں ماسک پہنے اور بڑے تھیلے لیے ترتیب کے ساتھ تیار خاکروب  لوگوں کے اعتماد و اطمینان میں اضافہ کا باعث بن رہے ہیں،سونے پہ سہاگہ ایک بڑے ٹریلر نما موبائیل ہسپتال ہے جو پرائمری اینڈ سیکنڈری  ہیلتھ کئیر ڈیپارٹمنٹ کی “صحت کی سہولت گھر گھر”نامی مہم کو اجگر کرنے کے ساتھ ساتھ آزادی کپ میں شامل لوگوں اور انتظامی کارکنوں کی بہترین سطح کی ابتدائی طبی  امداد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

شائقین کرکٹ کے لیے پارکنگ کا تسلی بخش انتظام اور پارکنگ ایریا سے انھیں اسٹیڈیم تک لانے اور لے جانے لے لیے خصوصی بس سروس بھی پنجاب حکومت کے انتظامات میں ایک قابل تعریف اضافہ ہے،یہ بسیں نہ صرف شائقین کو باوقار انداز اسٹیڈیم تک لے آتی و جاتی ہیں بلکہ اپنے رنگوں اور تصاویر سے تہذیب و تمدن کو بھی بیان کر رہی ہیں،ماحول کی خاص بات خواتین کے لیے مسائل سے پاک ہونا ہے ،زنانہ پولیس کی مناسب تعیناتی ،چیکنگ کے ساتھ مددورہنمائی کرنے والے خصوصی بوتھس کا قیام اور ایسے ہی دیگر انتظامات ماحول کو خواتین دوست بنائے ہوئے ہیں۔

اسٹیڈیم کے اند ر میچ دیکھنے والے شائقین ان انتظامات پر اطمینان کا اظہار کئے بغیر نہیں رہتےاور کہتے ہیں کہ غیر ملکی مہمان کھلاڑیوں کے اعزاز اور شائقین کرکٹ کے لیے جو انتظامات روا تھے حکومت نے وہ کر رکھے ہیں۔

اس ساری مہم کا ایک بڑا حصہ مہمان کھلاڑیوں کی عزت و تکریم اور خوشامد ہے۔ان کھلاڑیوں کی تصاویر پر مبنی دیو ہیکل بل بورڈنگ  جلی حروف سے کہ رہا ہے کہ اہل لاہور معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔

ہوٹلز میں ان کی خاص تواضع اور پاکستانی قومیت کی خصوصیات سے انھیں آشنا کرنے میں حکومت کی طرف سے  کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جا رہی  اور اسکا ثبوت ہمیں ان کھاڑیوں کے تاثرات سے بھی ملتے ہیں۔وہ برملا کہتے ہیں کہ انھیں اپنے دوسرے گھر جیسا ماحول محسوس ہو رہا ہے،بلاشبہ حکومت  پنجاب نے آزادی کپ کے انعقاد میں بنیادی کردار ادا کر کے پاکستان کے وقار کو بلند کرنے کا سہرا اپنے سر سجا لیا ہے۔