ہزار ہندو برادری کیلئے میرج بل کی منظوری سمیت صوبائی حکومت غیر مسلم برادری کے حقوق اور فلاح کیلئے سنجیدگی سے اقدامات اٹھا رہی ہے،امتیاز شاہد

 
0
490

پشاور،اکتو بر05(ٹی این ایس)خیبر پختونخوا کے وزیر برائے قانون،پارلیمانی امور اور انسانی حقوق امتیاز شاہد قریشی نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت غیر مسلم برادری کے حقوق اور فلاح کے لئے سنجیدگی سے اقدامات اٹھا رہی ہے جس کے تحت صوبہ بھر کی تقریباً چار لاکھ غیر مسلم برادری میں تقریباً40ہزار ہندو برادری کیلئے میرج بل کی منظوری بھی شامل ہے ۔انہوں نے کہا کہ غیر مسلم برادری کا پر امن طریقے سے صوبے کی ترقی میں بڑا کردار ہے جن میں انسانی حقوق کے قوانین کے مطابق جدیددور کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے مزید بہتری لائی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز اپنے دفتر پشاور میں اقلیتوں کے حقوق کے لئے کام کرنے والی نیشنل لابنگ ڈیلیگیشن فار مائینارٹی رائٹس(NLD)کے نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔اس موقع پر رومانہ بشیر،اینی ڈیوڈ گیل،ہارون دیال،سابقہ صوبائی ڈائریکٹر انسانی حقوق نور زمان خٹک کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔وزیر قانون نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کو قابل عمل بنانے کے حوالے سے صوبہ خیبر پختونخوا باقی صوبوں کی نسبت پہلے نمبر پر ہے جس نے اقلیتوں کے حقوق کی فراہمی، ان کی فلاح و بہبوداور ان کو باعزت پاکستانی شہری بنانے کے لئے مختلف سرکاری محکموں میں روزگار دینے کے لئے تین فیصد کوٹہ پر عمل درآمد یقینی بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر کی تقریباً4لاکھ غیر مسلم برادری کو مجموعی بنیادی اور مذہبی حقوق کی فراہمی سمیت تقریباً 40ہزار ہندو برادری کیلئے میرج بل کی باقاعدہ منظوری کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جنہیں بہت جلد قانونی شکل دی جائے گی۔

وزیر قانون نے واضح کیا کہ صوبائی محکمہ انسانی حقوق نے اقلیتوں کیلئے 7نکاتی ایجنڈا کو قابل عمل بنایا جس میں اقلیتوں کے تحفظ سمیت مختلف بنیادی اور فلاحی حقوق شامل ہیں اس موقع پر وفد کے مطالبات پر بات کرتے ہوئے وزیر قانون نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ قانونی طور پر مرکزی حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کی روشنی میں 18ویں ترمیم کے بعد موجودہ صوبائی حکومت تمام مذاہب کے لوگوں کے لئے بنیادی ومذہبی اور فلاحی حقوق کی فراہمی کیلئے سنجیدگی سے کوشاں ہے۔

آخر میں وفد نے صوبائی وزیر قانون اور انسانی حقوق امتیاز شاہد قریشی اور سابقہ صوبائی ڈائریکٹر انسانی حقوق نور زمان خٹک کے غیر مسلم برادری کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔