یوسی 19، قومی اسمبلی نشست کے لئے خاطر خواہ ووٹ نہ ملنے کے باوجود حکومتِ پنجاب نے خوب توجہ دی،لوگ معترف

 
0
484

راولپنڈی،اکتوبر 24 (ٹی این ایس): راولپنڈی کی یونین کونسل نمبر 19 سیٹلائٹ ٹاؤن کے علاقہ پر مشتمل ہے جونسبتا سہولت یافتہ  تصور کیا جاتا ہے۔ یہ کونسل قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 56 میں آتی  ہےجو عام انتخابات  میں ن لیگ ہار گئی تھی مگر اسکے باوجود وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے  اسے نظر انداز نہیں کیا اور دوسری کونسلز کی طرح اسکے مسائل کے حل اور تعمیر و ترقی کے لئے  فنڈز  کی واگذاری میں کوئی دقیقہ و فروگذاشت نہیں کیا۔

ٹی این ایس کی ٹیم نے علاقہ کا دورہ کرکے مشاہدہ کیا کہ  یہ ایک بڑی وجہ ہے کہ  اس کونسل کے لوگ  حکومتِ پنجاب اور  بلدیاتی نمائندوں کی کارکردگی سے نہ صرف مطمئن ہیں بلکہ  اس بات کا برملا اعتراف کرتے کہ اس حلقے سےقومی اسمبلی کی نشست ہارنے کے باوجودخادم اعلیٰ پنجاب نے علاقہ کے مسائل  حل کرنے میں کوئی امتیاز نہ برتا۔ فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب، مستقل اور معیاری صفائی،اسٹریٹ لائٹس کی بحالی ، گلیوں کی ازسرنو تعمیر اور کئی دیگر سہولیات کی فراہمی سے علاقہ کی صورت نکھر آئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ راولپنڈی کیلئے میگا پراجیکٹس دئیے۔ میٹرو بس سروس اور کارڈیالوجی ہاسپٹل سے عوام بڑی تعداد میں مستفید ہو رہے ہیں۔

یونین کونسل کے وائس چئیرمین کا کہنا ہے کہ الیکشن 2013 میں قومی اسمبلی کی نشت ہارنے کے باوجود پنجاب حکومت نے اس علاقے کی ترقی کیلئے کثیر فنڈز مختص کئے ہیں۔  ان کا کہنا ہے کہ بلدیاتی نمائندوں تک اختیارات کی منتقلی اور ساتھ ہی فنڈز کی بروقت  فرہمی کے باعث انہیں عوام کے حسبِ وعدہ کارکردگی دکھانے کا موقع ملا ہے جس پر وزیر اعلیٰ یقینا سراہے جانے کے قابل ہیں۔