بھارت میں13 ماہ قبل گرفتار 9 پاکستانی ماہی گیر رہا ہوکر کل واپس وطن پہنچیں گے

 
0
392

کراچی نومبر 1(ٹی این ایس)سمندری حدود کی خلاف ورزی کی آڑ میں بھارتی سیکورٹی اہلکاروں کے ہاتھوں 13 ماہ قبل گرفتار 9 پاکستانی ماہی گیر رہا ہوکر کل واپس وطن پہنچ رہے ہیں۔ رہائی پانے والے ماہی گیروں میں تین سگے بھائی ناخدا عبدالستار ولد حسین تھیمور، اصغر ولد حسین تھیمور، رشید ولد حسین تھیمور، دو 10 سالا بچے سکندر ولد سومار گھنو اور اکبر ولدد محسن گھنو، 12 سالا علی نواز ولد الہہ ڈنو تھیمور، ابراہیم ولد سومار تھیمور، علی ولد علو تھیمور اور شوکت ولد فیق تھیمور شامل ہیں۔ مذکورہ ماہی گیروں کا تعلق ضلع سجاول کے گاؤں باجھریو تھیمور سے ہے۔

اس سلسلے میں پاکستان فشر فوک فورم کے مرکزی چیئرمین محمد علی شاہ نے کہا ہے کہ رہائی حاصل کرنے والے ماہی گیروں کو گذشتہ برس اکتوبر میں بھارتی سیکورٹی اہلکاروں نے متنازعہ سمندری حدود سیر کریک کے قریب سے گرفتار کرلیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ماہی گیر بچوں کے روزگار کیلئے مچھلی کی تلاش میں سیر کریک پہنچ جاتے ہیں، جہاں سے دونوں ممالک کے سیکورٹی اہلکار انہیں گرفتار کر کے سالوں تک جیلوں میں بند کر دیتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ریڑھی گوٹھ کراچی سے تعلق رکھنے والے 3 ماہی گیر زمان جت، عثمان سچو اور عثمان جت گذشتہ 18 سالوں سے بھارتی جیلوں میں قید کی اذیت برداشت کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ روز حکومت پاکستان کی طرف سے کراچی کی جیلوں سے 68 سے زائد بھارتی ماہی گیروں کو رہا کر کے واطن روانہ کیا گیا ہے، لیکن بھارتی حکومت نے ہمیشہ کی طرح سنگدلی کا ثبوت دیتے ہوئے چند پاکستانی ماہی گیروں کو آزاد کیا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ دونوں ممالک کی جیلوں میں قید تمام ماہی گیروں کو رہا کر کے انہیں سمندر سے بچوں کی روزی حاصل کرنے کا حق مہیا کیا جائے۔