فرض شناس ، قابل اور ایماندار افسران و اہلکار محکمے کا فخر ہیں ‘ آئی جی پنجاب

 
0
1198

لاہور نومبر 1(ٹی این ایس)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ فرض شناس ، قابل اور ایماندار افسران و اہلکار محکمے کا فخر ہیں جن کی ان تھک محنت ، قابلیت اور پروفیشنلزم پوری فورس کیلئے روشن مثال ہے، ایڈیشنل آئی جی کیپٹن (ر) عثمان خٹک ان افسران میں شامل ہیں جنہوں نے دوران سروس ہمیشہ عوامی خدمت اور میرٹ سسٹم کی پاسداری کو اپنا شعار بنائے رکھا ان جیسے محنتی اور فرض شناس افسران نے محکمے کے عزت و وقار میں خاطر خواہ اضافہ کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں سابق قائم مقام آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عثمان خٹک کی ریٹائرمنٹ کے سلسلے میں ہونے والی الوداعی تقریب میں کیا ۔

تقریب میں ایڈیشنل آئی جی، ڈی اینڈ آئی، اعجاز حسین شاہ، ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی، امجد جاوید سلیمی، ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ پنجاب، اظہر حمید کھوکھر، ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس، محمد طاہر، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب، محسن حسن بٹ، ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ، طارق مسعود یٰسین، ایڈیشنل آئی جی انوسٹی گیشن پنجاب، ابوبکر خدابخش، ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب، عامر ذوالفقار، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ II-، سلمان چوہدری، ڈی آئی جی سیف سٹی پراجیکٹ، علی عامر ملک، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ، بی اے ناصر، ڈی آئی جی ڈویلپمنٹ، کامران خان، ڈی آئی جی ایس پی یو، فیصل علی رانا،ڈی آئی جی ویلفیئر، وسیم سیال، ڈی آئی جی ڈی اینڈ آئی، شہزادہ سلطان اور ڈی آئی جی آئی ٹی، شارق کمال صدیقی کے علاوہ سی پی او کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ کیپٹن (ر) عثمان خٹک پانچ نومبر انیس سو چوراسی کو پولیس سروس کا حصہ بنے وہ پولیس کے بارہویں کامن بیج کا حصہ تھے ۔

انہوں نے اپنی سروس میں مختلف اضلاع میں انتہائی اہم عہدوں پر خدمات سر انجام دیں جن میں ایس پی بھکر ، جہلم ، راولپنڈی ، ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ ، ڈی پی او ڈی جی خان ، ڈی پی او نارووال ، ڈپٹی کمانڈنٹ پولیس کالج سہالہ ، ڈی آئی جی ٹریفک لاہور،ڈی آئی جی وی وی آئی پی سیکیورٹی سپیشل برانچ لاہورو راولپنڈی ، ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ اور ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن نمایاں ہیں ۔ سابق آئی جی مشتاق سکھیرا کی ریٹائرمنٹ کے بعد کیپٹن (ر) عثمان خٹک نے تین ماہ تک قائم مقام آئی جی پنجاب کی ذمہ داریاں ادا کیں جبکہ دوران سروس اقوام متحدہ کے امن مشن کے تحت بوسنیا میں بھی خدمات سر انجام دیں ۔ الوداعی تقریب میں سنٹرل پولیس آفس کے تمام افسران نے عثمان خٹک کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور انکے بہترین کیرئیر نوجوان پولیس افسران کیلئے قابل تقلیدقرار دیا ۔ایڈیشنل آئی جی کیپٹن ریٹائرڈ عثمان خٹک نے اپنے خطاب میں کہا کہ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ میں اپنی سروس کے دوران سرخرو ٹھہرا اوراللہ پاک نے ہر مشکل وقت میں مجھے ثابت قدم رکھا آج میں محکمہ میں اپنے دوستوں اور ساتھیوں سے رخصت ہونے پر اداس بھی ہوں ۔ تقریب کے اختتام پر آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کیپٹن (ر) عثمان خٹک کو اعزازی شیلڈ اور سوونئیر سے نوازا۔