پی ٹی آئی کی نواز شریف کو ضرورت سے زیادہ پروٹول دینے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد

 
0
312

لاہور نومبر 3( ٹی این ایس) پاکستان تحریک انصاف نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو ضرورت سے زیادہ پروٹول دینے پر وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے وضاحت کیلئے قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کر ا دی۔ قائد حز اختلاف میاں محمود الرشید کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ سابقہ نااہل وزیراعظم کی پاکستان آمد پر شاہانہ پروٹوکول دیا گیا۔ایسا لگتا تھا کہ نااہل وزیراعظم کوئی ملک فتح کرکے آیا ہو۔پروٹوکول وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کی ہدایت پر دیا گیا۔عوام کے ٹیکس پر چلنے والی حکومت نے 60 گاڑیوں کا پروٹوکول دیا۔جو کہ نہایت ہی شرمناک اور قومی خزانے پر بوجھ ہے۔نواز شریف کو سابقہ وزرائے اعظم کی طرح ہی پروٹوکول دینا چاہیے تھا۔

قرارداد میں کہا گیا کہ پاکستان کی عوام مطالبہ کرتی ہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی وضاحت دیں کہ نااہل شخص کو کس حیثیت میں ضرورت سے زیادہ پروٹوکول دیا گیا۔علاوہ ازیں مسلم لیگ(ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے طلبہ تنظیموں پر پابندی برقرار رکھنے کی قرارداد اسمبلی میں جمع کرادی۔قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ ماضی میں انہی تنظیموں کی وجہ سے تعلیمی ماحول خراب ہواجس سے ہزاروں طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگ گیا۔

انہوں نے مزید موقف اختیار کیاسرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں طلبہ کی تنظیموں پر پابندی کو برقرار رکھا جائے۔طلبہ تعلیمی اداروں میں پڑھائی کیلئے جاتے ہیں نا کہ سیاست کرنے۔ماضی میں انہی طلبہ تنظیموں کی وجہ سے تعلیمی ماحول خراب ہوا اور بہت سے طلبہ کا تعلیمی مستقبل داؤ پر لگ چکا ہے ۔قرارداد میں کہا گیا کہ جن تعلیمی اداروں میں ابھی بھی طلبہ تنظیمیں کام کررہی ہیں ان پر مکمل پابندی لگائی جائے ۔تحریک انصاف کے رکن اسمبلی محمد شعیب صدیقی نے لاہور کے بڑے سرکاری ہسپتالوں میں لفٹوں کے خراب ہونے کے خلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک التوا ء جمع کر ادی ۔ جس میں کہا گیا کہ میو،گنگارام اور جناح ہسپتال کی لفٹین خراب ہونے سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔