کراچی کی سیاست میں حالیہ ہلچل مضحکہ خیز ہے ٗ بلاول بھٹو زر داری

 
0
634

لاہور نموبر 12(ٹی این ایس)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کراچی کی سیاست میں حالیہ ہلچل مضحکہ خیز ہے ۔کراچی کی سیاست پر سماجی رابطہ سائٹ ٹوئٹر پر تبصرہ کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ گزشتہ چند روز کے دوران کراچی کی سیاست میں مضحکہ خیز چیزیں ہورہی ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے لکھا کہ ہمارا شہر اس سے کہیں زیادہ بہتر سیاست کا استحقاق رکھتا ہے۔لاہور میں سینئر رہنماؤں سے ملاقات میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کراچی میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ حیران اور پریشان کر دینے والا ہے ٗ پیپلز پارٹی کے نظرئیے میں کوئی ابہام نہیں، اپنا نظریہ چھوڑا ہے نہ سوچ بدلی ہے ٗپیپلز پارٹی جہاں تھی وہیں کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کل بھی جمہوریت آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی چاہتے تھے آج بھی یہی چاہتے ہیں جبکہ کوئی غیرجمہوری اقدام قبول نہیں کریں گے۔خیال رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور پاک سرزمین پارٹی کے درمیان انتخابی اتحاد قائم کرنے اور پھر ایک دوسرے پر سنگین الزامات نے کراچی کی سیاست میں نئی ہلچل پیدا کردی ہے۔کراچی کی موجودہ سیاسی صورتحال کے باعث ایم کیو ایم پاکستان کے بعض رہنماؤں نے پیپلزپارٹی کی قیادت سے ملاقات کی جن کی جلد پیپلزپارٹی میں شمولیت کا بھی امکان ہے۔