کسی بھی ادارے کی کامیابی کے لئے سزا و جزا کا عمل انتہائی اہمیت کا حامل ہے ‘ عارف نواز خان

 
0
535

لاہور نومبر 16(ٹی این ایس)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ کسی بھی ادارے کی کامیابی کے لئے سزا و جزا کا عمل انتہائی اہمیت کا حامل ہے ، محکمہ پولیس میں بھی جہاں فرائض میں غفلت اور لاپرواہی پر احتساب اور سزاؤں کا نظام موجود ہے وہیں عوام کے جان ومال کی حفاظت کے لئے فرض شناسی اور بہادری کا مظاہرہ کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کے لئے شاباش اور انعامات بھی دیئے جاتے ہیں،فرض کی راہ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا پولیس فورس کے ماتھے کا جھومر ہیں وہیں چوروں ، ڈاکوؤں اور سماج دشمن عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے بہادری اور فرض شناسی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و اہلکار محکمہ کا فخر ہیں ، ان کی ہر سطح پر مختلف طریقے سے حوصلہ افزائی کی جاتی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینٹرل پولیس آفس میں پنجاب کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ڈی ایس پی رینک تک کے پولیس اہلکاروں کو بہادری کا مظاہرہ کرنے پر نقد انعامات دینے کی تقریب سے کیا ۔ اس موقعہ پر ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب، محسن حسن بٹ، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز پنجاب، بی اے ناصراور اے آئی جی ڈسپلن، شہزاد اکبر کے علاوہ پنجاب بھر کے 9 اضلاع کے61 افسران و اہلکاربھی موجود تھے جنہیں بہادری اور فرض شناسی کا مظاہرہ کرنے پر 27 لاکھ 25 ہزار روپے نقد انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کو ڈسپلن کی پابندی کا خیال رکھتے ہوئے عوام کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آتے ہوئے خود کو عوام دوست پولیس کے طور پر منوانا ہو گا ۔ انہوں نے انعامات حاصل کرنے والے افسر وں اور اہلکار وں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس کو آپ پر فخر ہے کہ آپ نے دوران ڈیوٹی جس طرح سماج دشمن عناصر کو ان کے منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے کام کیا وہ پولیس فورس کے دیگر ممبران کے لئے بھی قابل تقلید ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ مستقبل میں بھی فرض شناسی ، ہمت اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے کوشاں رہیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ قابل ، محنتی اور فرض شناس پولیس اہلکار پولیس فورس کے لئے قابل فخر ہیں جبکہ بددیانت، کام چور اور نالائق افسروں اور اہلکاروں کی محکمہ میں کوئی جگہ نہیں ہے ۔