مصر ، مسجد کے دھماکے میں جاں بحق بچّے کے چہرے پر معلق آنسو

 
0
3129

قاہرہ نومبر 26(ٹی این ایس)مصر کے صوبے شمالی سیناء کی ایک مسجد میں ہونے والے دھماکے میں جاں بحق افراد میں شامل ایک بچّے کی تصویر نے انٹرنیٹ پر خصوصی توجہ حاصل کر لی ہے۔ تصویر میں زمین پر پڑے اس بچے کی آنکھ سے نکلا ہوا آنسو اس کے چہرے پر رکا ہوا نظر آ رہا ہے۔ یہ تصویر اس خوف اور دہشت کا پتہ دے رہی ہے جس کا سامنا اس بچے نے موت کو گلے لگانے سے پہلے کیا۔ مسجد الروضہ میں ہونے والے اس دھماکے نے 305 افراد کی جان لے لی جن میں 27 بچے بھی شامل ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق مصریوں کے جذبات کو ہلا کر رکھ دینے والی یہ تصویر انتہائی الم ناک ہے۔ تصویر میں بچے کی آنکھ کے نیچے رکا ہوا آنسو اس روز برپا ہونے والی بربریت اور وحشیانہ پن کی گواہی دے رہا ہے۔مذکورہ تصویر کو ہزاروں لوگوں نے دیکھا اور ہزاروں نے اس پر تبصرے بھی کیے۔ تصویر نے مصریوں کے اندر جذبات کو مشتعل کر دیا ہے۔ وہ بے رحم اور سفاک دہشت گردوں سے انتقام لیے جانے کا مطالبہ کر رہے ہیں جنہوں نے نماز جمعہ کے دوران بے قصور شہریوں کو خون کے دریا میں غرق کر ڈالا۔یاد رہے کہ مصری اٹارنی جنرل نے ہفتے کے روز اعلان کیا تھا کہ اس خون ریز حملے میں شریک دہشت گردوں کی تعداد 25 سے 30 کے درمیان تھی۔ سرکاری استغاثہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ دہشت گردوں نے فوجی وردی سے ملتے جلتے کپڑے پہن رکھے تھے اور انہوں نے داعش تنظیم کا پرچم بلند کیا۔